پاکستان نے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی کی مدد کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے والی دوا کلورو کوئین کی 5لاکھ گولیاں فراہم کرے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 27 مارچ 2020 19:48

پاکستان نے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی کی مدد کرنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ2020ء) اپاکستان نے کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی کی مدد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔نجی ٹی وی چینل نے پاکستان میں اطالوی سفارتخانے کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اٹلی کو 5 لاکھ کلورو کوئین کی گولیاں فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ کلوروکوئین دوا کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہوتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کو کلوروکوئین کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے 24 مارچ کو اطالوی سفارتخانے کا دورہ کرکے گولیوں کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹلی کو کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے والی دوا کلورو کوئین کی 5لاکھ گولیاں فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی جانب سے اٹلی کی مدد بہت بڑا فیصلہ اور کلیدی قدم ہے۔

اٹلی پاکستان کے اس جذبہ ایثار کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ اٹلی میں تاحال کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں ایک دن میں 712 اموات کے بعد لقمہ اجل بننے والوں کی مجموعی تعداد8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 589 ہوگئی۔اطالوی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی حکومت کی جانب سے گذشتہ کئی روز سے ملک میں لاک ڈاؤن ہے تاہم پھر بھی کورنا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا ۔

اٹلی میں گذ شتہ تین روز سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی جس کے باعث یورپی ملک میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے امید کی کرن نظر آنے لگی تھی لیکن گذشتہ روز ایک بار پھر اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 712ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 215 ہو گئی ہے۔ دنیا کے 198 ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد24 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5ساڑھے پانچ لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 349 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔