وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی اور شاہد آفریدی کا کوہاٹ میں افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ،

لاک ڈائون سے متاثرہ کوہاٹ کے ایک ہزار افغان مہاجرین گھرانوں میں راشن تقسیم کیا

جمعہ 27 مارچ 2020 22:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) وزیر مملکت انسداد منشیات و سیفران شہریار خان آفریدی اور شاہد آفریدی نے کوہاٹ میں افغان مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پرلاک ڈائون سے متاثرہ گھمکول شریف کوہاٹ کے ایک ہزار افغان مہاجرین گھرانوں میں راشن تقسیم کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت ہر قدرتی آفت اور مشکل میں افغان مہاجرین کی امداد کو حکومت پہنچتی ہے۔

(جاری ہے)

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ شاہد آفریدی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر ایک ہزار افغان مہاجر خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مشکِل گھڑی میں ہمیں معاشرے کے کمزور اور غریب طبقات کو یاد رکھنا ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں، غم کی ہر گھڑی میں پاکستانی افغان گھرانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ اس موقع پر کرکٹر شاہد آفریدی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افغان بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں نہ بھولا جائے۔