شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے کوہاٹ کے افغان مہاجرین کے لئے عطیہ کردہ امداد کی تقسیم

شاہد آفریدی نے آج یہ ثابت کر دیا کہ وہ صرف کرکٹ کے نہیں ہر شعبے کے عظیم ہیرو ہیں،شہریار آفریدی مخیر حضرات موجودہ مشکل حالات میںشاہد آفریدی کی تقلید کریں اور حکومت کا ہاتھ بٹائیں،وزیر برائے انسداد منشیات

جمعہ 27 مارچ 2020 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2020ء) وزیرمملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار آفریدی نے مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ضیاء اللہ بنگش کے ہمراہ جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے جزوی لاک ڈاؤن کے موقع پر ایک ہزارضرورتمند افغان مہاجرین گھرانوں کے لئے عطیہ کردہ امدادی سامان تقسیمِ کردیا۔

اس موقع پرلیجنڈ کرکٹر شاہد خان آفریدی، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن، کمشنر افغان مہاجرین عباس خان، سابق صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، افغان زعماء اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔وزیر مملکت نے اس مشکل گھڑی میں شاہد آفریدی کی یہاں پر مقیم افغان مہاجرین کے لئے جذبہ ہمدردی اور خیر سگالی کو سراہتے ہوئے عطیہ فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے آج یہ ثابت کر دیا کہ وہ صرف کرکٹ کے نہیں بلکہ ہر شعبے کے عظیم ہیرو ہیں۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی موجودہ مشکل حالات میںشاہد آفریدی کی تقلید کریں اور حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے شاہد آفریدی کی توجہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی جانب بھی مبذول کرائی جن کا شاہد آفریدی نے انتہائی مخلصانہ مثبت جواب دیا اور ملک کے ہر علاقے میں اپناکردار اداکرنے کی یقین دہانی کرائی۔

شہر یار آفریدی نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ یہ سنت نبوی ؐہے۔مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بھی شاہد آفریدی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر مملکت نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کوموقع پرسٹیٹ آف دی آرٹ ایمبولینس حوالہ کیا اورمنی ہسپتال ٹائپ کی2 آئسولیشن ٹینٹس کے قیام کابھی اعلان کیا۔