سندھ کی طرح پنجاب بلوچستان میں بھی جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد رہی

جمعہ 27 مارچ 2020 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2020ء) ملک میں کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے جہاں سندھ حکومت نے مشاورت کے بعد مساجد میں شہریوں کے باجماعت نماز پڑھنے پر پابندی لگائی تو وہی بلوچستان حکومت نے بھی جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کی اور اب دونوں صوبائی حکومتوں کی طرز کی پابندی پنجاب میں بھی عائد کردی گئی ہے۔اس حوالے سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق طبی ماہرین کی ہدایت اور علمائے کرام کی رائے و رہنمائی کی روشنی میں 27 مارچ سے تمام مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد (خطیب/امام/ مذن، متولی) نماز پنجگانہ و جمعہ ادا کریں گی.ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ باقی تمام افراد اپنے گھروں میں نماز ادا کریں گے تاکہ اس موذی مرض سے بچا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ملک میں سب سے پہلے سندھ حکومت نے صوبے میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مساجد میں شہری باجماعت نماز ادا نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا تھا کہ فیصلہ تمام مکاتب فکر کے علمائے اکرام اور طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، مسجد کے عملے سمیت 5 افراد باجماعت نماز پڑھ سکیں گے، شہری فیصلے کی پابندی کریں۔

علاوہ ازیں صوبائی وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ پابندی 5 اپریل تک جاری رہے گی۔مزید برآں محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا بلوچستان حکومت نے جمعے کی نماز پر صوبے بھر میں پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔تاہم نوٹیفکیشن میں یہ واضح کیا گیا تھا کہ مساجد کھلی رہیں گی اور صرف 5 افراد کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی جن میں ایک امام اور دیگر 4 افراد ہوں گے۔

ساتھ ہی عوام سے یہ درخواست بھی کی گئی تھی کہ وہ گھر پر نمازیں ادا کریں۔خیال رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں مخلتف مکاتب فکر کے علما کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس ہوا تھا، جس میں صدر مملکت نے درخواست کی تھی کہ علما عوام کو گھروں میں رہنے اور نماز ادا کرنے کی تجویز دیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔انہوں نے قاہرہ کی اسلامی درسگاہ جامع الاظہر کی ہدایات پر یہ درخواست کی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلا کے پیش نظر عوام فرض نماز مساجد کے بجائے گھروں میں ادا کریں۔یاد رہے کہ صدر عارف علوی نے مصر کے سفیر کی مدد سے جامع الاظہر سے کورونا وائرس کے حوالے سے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کے اجتماعات کے حوالے سے رہنمائی طلب کی تھی۔