گھر پر بال کٹوانے پر سعودی شہری اور بھارتی حجام کو گرفتار کر لیا گیا

سعودی شہری نے گھر پر اپنی بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 28 مارچ 2020 10:20

گھر پر بال کٹوانے پر سعودی شہری اور بھارتی حجام کو گرفتار کر لیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ 2020ء) سعودی پولیس کی جانب سے ایک مقامی نوجوان اور اس کے بال کاٹنے والے بھارتی حجام کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب سوشل میڈیا پر سعودی نوجوان کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں وہ اپنے گھر پر ایک بھارتی حجام سے بال کٹوا رہا ہے۔ سعودی اخبار 24 کے مطابق یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی نوجوان اور بھارتی حجام دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

قصیم پولیس کے ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ سوشل میڈیاصارفین کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ ایک سعودی شہری نے غیر ملکی حجام کو گھر پر بُلا کر اس سے بال ترشواتے ہوئے اپنی ویڈیو بنا کر شیئر کی ہے۔اس ویڈیو میں سعودی شہری کی جانب سے دُکانوں کی بندش کے فیصلے کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ اگر دُکانیں بند ہیں تو کیا ہوا ،اس نے حجام سے بال کٹوانے کے لیے اسے گھر پر بُلا لیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد دونوں افراد کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جو کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر دے گا۔ پولیس ترجمان کے مطابق بھارتی حجام کی دُکان کورونا وائرس کے تحت لیے گئے خصوصی اقدامات کے تحت بند کر دی گئی تھی۔ تاہم سعودی ملزم نے اس سے موبائل فون پر رابطہ کر کے اسے گھر بُلایا۔

بال کٹواتے ہوئے دونوں افراد نے کورونا سے بچاؤ کی خاطر حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کی تھیں، جس سے دونوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ پولیس ترجمان نے نے بتایا کہ ’قصیم کے شہری اور انڈین باربر دونوں نے احتیاطی تدبیر کی کھلی خلاف ورزی کی تھی۔‘واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک سعودی خاتون کو کرفیو کی خلاف ورزی کی ویڈیو بنانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ خاتون مملکت میں عائد جزوی کرفیو کی ذرا بھی پروا نہ کرتے ہوئے گاڑی لے کر سڑک پر آ گئی اوراپنی ویڈیو بنا کر لوگوں سے کہنے لگی کہ سعودی حکام نے کرفیو کی خلاف ورزی پر ہزاروں درہم کا جرمانہ لگا دیا ہے۔ یہ موسم بہار کے دن ہیں، ان ایام میں کوئی بھلا خود کو کیسے گھر میں بند رکھ سکتا ہے۔ اگر باہر نہ نکلے توبہار کے خوبصورت نظاروں سے کیسے لطف اندوز ہوں گے، اس حسین موسم میں جابجا کھلنے والے پھولوں کا حُسن کیسے دیکھ پائیں گے۔

بھلا کوئی کیسے گھروں سے نہ نکلیں۔چاہے لاکھوں ریال کا جرمانہ بھی بھرنا پڑے، ہم تو باہر آئیں گے۔ پھر یہ لڑکی تمسخر کے انداز میں کورونا کو مخاطب کر کے کہتی ہے ، آجاؤ ، وائرس آجاؤ، کوئی بات نہیں ہم بچ جائیں گے۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ ایک طوفان اُٹھ کھڑا ہواتھا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔