کراچی،نماز جمعہ کے اجتماعات کرنے والے کئی پیش امام گرفتار

پولیس نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر مساجد کے اماموں اور انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر لیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 مارچ 2020 12:55

کراچی،نماز جمعہ کے اجتماعات کرنے والے کئی پیش امام گرفتار
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-28مارچ2020ء) پولیس نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر مساجد کے اماموں اور انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں حکومت کی جانب سے مساجد میں نماز کے اجتماع کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پیش اماموں اور مساجد کے ٹرسٹیز کے خلاف مختلف تھانوں میں تیس سے زائد مقدمات درج کرکے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

یہ مقدمات دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر درج کیے گئے ہیں۔زیادہ تر مقدمات ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ میں درج کیے گئے ہیں۔جن میں مسجدوں کے پیش اماموں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔مقدمات کے متن میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں صرف پانچ نمازیوں کی اجازت تھی لیکن ان مساجد میں پانچ سے زائد نمازی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے متعدد علماء اور آئمہ مساجد کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں حکومت سندھ کے احکامات پر ضلع بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے موقع پر اجتماعات نہیں کرنے دیئے گئے اور جمعتہ المبارک کے موقع پر 5 نمازیوں سے زائد افراد کو اجازت نہیں دی گئی۔اس ضمن میں ضلع بھر کے تمام شہروں کی جامع مساجد اور امام بارگاہوں پر اسٹاف تعینات کیا گیا تھا ۔ ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز خود آن روڈ رہے اور سپرویژن کرتے رہے۔

کرونا وائرس کی روک تھام کی احتیاطی تدابیر کے تناظر میں نماز جمعہ کے موقع پر ضلع بھر میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی کی ہدایات پر تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے علاقہ جات کے تمام مکاتب فکر کے رہنماوں اور علماوں سے میٹنگ کر کے یقینی بنایا کہ حکومت سندہ کی جاری کردہ پالیسی پر مکمل عمل کیا جائے اور ان مشکل لمحات میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔