سپینشن فلو کے دوران پیدا ہونے والے 101 سالہ اطالوی شخص نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

ڈاکٹرز بھی "مسٹر پی" کے نام سے جانے والے شخص کے صحتیاب ہونے پر حیران رہ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 مارچ 2020 15:11

سپینشن فلو کے دوران پیدا ہونے والے 101 سالہ اطالوی شخص نے کورونا وائرس ..
اٹلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 مارچ2020ء) سپینشن فلو کے دوران پیدا ہونے والے 101 سالہ اطالوی شخص نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق اٹلی میں 101 سالہ شخص کورونا وائرس سے مکمل طور پر صحتیاب ہو گیا ہے جس کے بعد انہیں اسپتال سے بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔مذکورہ شخص کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گذشتہ ہفتے شمال مشرقی اٹلی کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اس جمعرات کو انہوں نے کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دے دی۔"مسٹر پی" کے نام سے جانے والے بوڑھے شخص کی صحتیابی پر ڈاکٹرز بھی حیران ہیں۔ڈاکٹرز نے اسے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 101 سالہ شخص کو کورونا سے صحتیاب ہونا "واقعی غیر معمولی" ہے اور مستقبل میں اچھائی کی امید فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

مسٹر پی 1919 میں ہسپانوی فلو کی وبا کے دوران پیدا ہوئے تھے۔

ایک اندازے کے مطابق 30 ملین سے 50 ملین افراد اس بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 27ہزار 365جبکہ مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 97ہزار ہوگئی ہے جبکہ اٹلی میں صرف ایک روز میں 919افراد موت کی نیند سوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جان لیوا کورونا وائرس 199ممالک میں پھیل چکا ہے۔

اب تک اس خطرناک وائرس سے 27ہزار 365افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور پانچ لاکھ 97ہزار مریضوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 1لاکھ 33ہزار افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔اس وائرس سے سب سے متاثرہ ممالک میں امریکا اوپر آگیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 4ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور 1700افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے متاثرہ ملک اٹلی ہے جہاں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 919افراد ہلاک ہوگئے جو وبا پھیلنے کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔