کورونا وائرس نے باپ بیٹی کی جان لے لی

برطانیہ میں کورونا وائرس سے والد کا انتقال ہوا تو 24 گھنٹے بعد بیٹی بھی اسی وائرس کا شکار ہو کردم توڑ گئی،باپ بیٹی کی آخری رسومات میں اہل خانہ شریک نہیں ہوں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 مارچ 2020 17:13

کورونا وائرس نے باپ بیٹی کی جان لے لی
برطانیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2020ء) کورونا وائرس نے برطانیہ میں مقیم باپ بیٹی کی جان لے لی۔تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اور اب ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے پورے خاندان کو سوگوار کر دیا ہے۔لندن میں واقع ہیتھرو ایئرپورٹ پر تعینات ہونے والے امیگریشن افسر سدھیر شرما کورونا وائرس کی وبا سے ہلاک ہوئے تو ان کے گزر جانے کے چوبیس گھنٹے بعد بیٹی پوجا بھی وائرس سے متاثر ہوکر دم توڑ گئی۔

سدھیر شرما کی عمر 61 برس تھی اور وہ ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر تین پر تعینات ہے۔طبیعت ناساز ہونے کے بعد وہ گھر پر ہی تھے۔زیادہ علیل ہوئے تو اہل خانہ اسپتال لے گئے۔ٹیسٹ ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی طبیعت بگڑتی گئی اور ڈاکٹر نے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا تاہم وہ دم توڑ گئے۔جبکہ انکی بیٹی پوجا فارمیسٹ تھیں ،جنہیں وائرس والد سے منتقل ہوا اور پھر وہ بھی علاج کے دوران ہی دم توڑ گئیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق امیگریشن آفیسر سدھیر آخری بار ڈیوٹی پر سات جنوری کو آئے تھے،ملازمت کے دوران وہ وائرس سے متاثر نہیں ہوئے۔محکمہ امیگریشن نے سدھیر کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت اچھے اور بہترین شخصیت کے مالک تھے ،ڈیوٹی کے دوران وہ تمام ملازمین اور مسافروں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے تھے۔باپ بیٹی کی آخری رسومات میں اہل خانہ میں سے کوئی فرد بھی شریک نہیں ہو سکے گا۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر کرس وائٹی نے ٹیسٹ کی تجویز دی جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کیا گیا۔برطانوی وزیراعظم کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہی آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ب برطانیہ میں کورونا وائرس سے اب تک 578 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔