کورونا وائرس نے 199 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی، مجموعی طور پر 28 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ

ہفتہ 28 مارچ 2020 18:55

کورونا وائرس نے 199 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا
پیرس۔ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 199 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اب تک مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ سب سے زیادہ وائرس سے متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے جہاں پر مہلک وباء کا شکار افراد کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک 1700 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اموات کے لحاظ سے اٹلی سب سے آگے ہے جہاں پر اب تک 9134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 86 ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہیں، اسی طرح زیادہ ہلاکتوں کے لحاظ سے اسپین دوسرے نمبر پر ہے جہاں پر مجموعی طور پر 5690 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 72248 ہے، ایران میں مزید 139ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 2517 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر میں مختلف ممالک نے مہلک وباء کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔