Live Updates

وزیر اعلیٰ کی زیر صدار ت اجلاس ،لاک ڈاؤن سے متاثرہونیوالے دیہاڑی دار اورمزدور طبقے کیلئے خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ

پنجاب فنانشل پیکیج کیلئے سفارشات اورتجاویزکا جائزہ،وزیراعلیٰ نے فوری طورپر پیکیج کا طریقہ کارطے کرنے کا حکم کوروناوائرس کی وجہ سے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے گورنمنٹ ملازمین کوخصوصی پیکیج دیا جائے گا لاک ڈاؤن اورسیمی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں متاثرین کورونا کے لواحقین کو راشن کی فراہمی جاری وزیراعظم ریلیف پیکیج،انکم سپورٹ پروگرام اوربیت المال کے ذریعے بھی ناداراورمستحق افراد کی مالی امدادکی جائیگی

ہفتہ 28 مارچ 2020 19:50

وزیر اعلیٰ کی زیر صدار ت اجلاس ،لاک ڈاؤن سے متاثرہونیوالے دیہاڑی دار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) کورونا وائرس سے احتیاط کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں بند کمرے کی بجائے کھلے لان میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میںلاک ڈاؤن سے متاثرہونے والے دیہاڑی دار اورمزدور طبقے کیلئے پنجاب فنانشل پیکیج کیلئے سفارشات اورتجاویزکا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے فوری طورپر دیہاڑی دار اورمزدورطبقے کیلئے پیکیج کا طریقہ کارطے کرنے کا حکم دیتے ہوئے خصوصی اعلی افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو فوری طورپررپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں طے ہواکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار اورمزدور طبقے کوایزی پیسہ کے ذریعے مالی ریلیف دیا جائے گا۔اجلاس میں ریلیف پیکیج کیلئے اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندے اوردیگرمکاتب فکر کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے گورنمنٹ ملازمین کوخصوصی پیکیج دیا جائے گا۔

لاک ڈاؤن اورسیمی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں متاثرین کورونا کے لواحقین کو راشن کی فراہمی جاری رکھی جائے ۔انہوںنے کہا کہ نادار طبقے کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیںگے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نادار طبقے کی ضروریات کا خیال رکھے گی۔وزیراعظم ریلیف پیکیج،انکم سپورٹ پروگرام اوربیت المال کے ذریعے بھی ناداراورمستحق افراد کی مالی امدادکی جائیگی۔اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت،وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،چیف سیکرٹری ،سینئرممبر بورڈ آف ریونیو اوردیگراعلی حکام نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات