متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے درجنوں نئے کیسز رپورٹ

ہفتے کے روز امارات میں 63 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی 468 ہوگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 28 مارچ 2020 19:51

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے درجنوں نئے کیسز رپورٹ
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے درجنوں نئے کیسز رپورٹ، ہفتے کے روز امارات میں 63 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی 468 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ہفتے کے روز امارات میں کرونا وائرس کے مزید 63 کیسز سامنے آئے ہیں۔

63 نئے کیسز کے بعد مملکت میں کرونا سے متاثرہ کل کیسز کی تعداد 463 ہوگئی ہے۔ اس تمام صورتحال میں متحدہ عرب امارات اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔ اماراتی حکومت کی جانب سے لاک ڈاون کی سختی سے پابندی کروائی جا رہی ہے۔ جبکہ مزید سخت اور اہم اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال میں امارات کے کچھ علاقوں میں گھر گھر سکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو کی مدت میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے روزانہ کی بنیاد پر رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہتا ہے۔ اب اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں نافذ کرفیو کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کی پابندی اب 5 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس دوران ملک بھر میں جاری ڈس انفیکشن مہم کو بھی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈس انفیکشن مہم بھی 5 اپریل تک جاری رہے گی۔ جبکہ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ کرفیو اور عائد کی گئی دیگر پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور جیل تک کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے باعث اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جاں بحق دونوں افراد کا تعلق امارات سے نہیں ہے۔