ملک میں پاک فوج کے دستےآرٹیکل 245 کے تحت تعینات کردیے گئے

ملک بھرمیں 182 قرنطینہ مراکز بنائے گئے، پاک فوج کے جوان وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 20:02

ملک میں پاک فوج کے دستےآرٹیکل 245 کے تحت تعینات کردیے گئے
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2020ء) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ملک میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیے گئے ہیں، ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز بنائے گئے، پاک فوج کے جوان وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک میں پاک فوج کے دستے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیے گئے ہیں۔

پاک فوج کے دستوں کی ملک بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت جاری ہے، ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ تفتان میں 600 لوگوں کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ چمن میں 805 خیموں پر مشتمل قرنطینہ مرکز اور چمن کے گاؤں کلی فیضو میں 300 افراد کیلئے کنٹینر میں قرنطینہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے جوان وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر پاک فوج کے دستے سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں۔ پنجاب کے 34 اضلاع میں بھی فوج سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تعینات ہے۔ بلوچستان کے9 اضلاع میں فوج تعینات کی گئی ہے۔ اسی طرح سندھ کے29 اضلاع میں فوج، رینجرز اور پولیس کورونا سے نمٹنے کیلئے کام کررہے ہیں۔

تمام انٹری پوائنٹس پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ آزاد کشمیر میں کوٹلی، بھمبر، میرپور، مظفرآباد میں جوان تعینات ہیں۔ باغ، راولاکوٹ، کیل اور برنالہ میں بھی فوجی جوان تعینات ہیں۔