زلفی بخاری کا خواجہ آصف کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

ایران سے زائرین کولانے کیلئے اثرو رسوخ استعمال نہیں کیا، خواجہ آصف کے الزامات سے میری ساکھ متاثر ہوئی ہے،عدالت سے رجوع کررہا ہوں۔ معاون خصوصی اوورسیزپاکستانی زلفی بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 20:21

زلفی بخاری کا خواجہ آصف کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2020ء) معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے زائرین کولانے کیلئے اثرو رسوخ استعمال نہیں کیا، خواجہ آصف کے الزامات سے میری ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ وزارت اوورسیز پاکستانی کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی زلفی بخاری نے ن لیگ کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف کے الزامات پر عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے الزامات سفید جھوٹ ہیں۔ اس لیے خواجہ آصف کے خلاف کورٹ سے رجوع کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تفتان بارڈر پر پاکستانی زائرین کو داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایران سے زائرین کولانے کیلئے اثرو رسوخ استعمال نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی زائرین کو واپس لانے میں میرا کوئی کردار نہیں۔ خواجہ آصف کے الزامات سے میری ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

خواجہ آصف کسی اور ملک میں یہ الزام لگاتے توجیل میں ہوتے۔ واضح رہے اسلام آبادہائی کورٹ نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے اور تفتان بارڈر سیل کر کے مزید زائرین کی واپسی روکنے کے لیے دائر درخواست پر وفاق ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور زلفی بخاری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سول سوسائٹی کی درخواست پر ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل مظہر جاوید ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ تفتان بارڈر سے زائرین کو فیصل آباد، جھنگ یا دوسرے شہروں کو منتقلی سے روکا جائے اور تفتان بارڈر کو فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ پالیسی معاملہ ہے، شارٹ ڈیٹ دے رہے ہیں، حکومت کا جواب آنے دیں،حکومت سے پوچھ لیتے ہیں کہ تفتان سے آنے والوں کو کہاں رکھا ہی قرنطینہ مراکز کہاں قائم کیے ہیں مظہر جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوام کو فوری طور پر ماسک اور سینی ٹائزرز مہیا کرنے کا حکم دیا جائے، یہ اشیاء مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب نہیں یا بہت زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔عدالت نے وفاق، وزیراعظم کے پرنسل سیکرٹری اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اوور سیز زلفی بخاری کو نوٹس جاری کر کے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔