علامات ظاہرنہ ہونے والوں میں بھی کورونا وائرس ہوسکتا ہے

کورونا کے صحت یاب افراد بارے100 فیصد نہیں کہہ سکتے کہ وہ دوبارہ متاثرنہیں ہوں گے، وائرس30 سال کے جوانوں کو بھی متاثرکرسکتا ہے۔ وبائی امراض کے ماہر امریکی ڈاکٹرانتھونی فاکی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 20:51

علامات ظاہرنہ ہونے والوں میں بھی کورونا وائرس ہوسکتا ہے
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2020ء) وبائی امراض کے ماہر امریکی ڈاکٹر انتھونی فاکی نے کہا ہے کہ جن میں علامات نہیں، ان میں بھی کورونا وائرس ہوسکتا ہے، کورونا کے صحت یاب افراد بارے100 فیصد نہیں کہہ سکتے کہ وہ دوبارہ متاثر نہیں ہوگا، وائرس30 سال کے جوانوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ کورونا وائرس ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ہے اور یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔

یہ وائرس کسی کو بھی بری طرح متاثر کرسکتا ہے۔ وائرس سے بچاؤ کا بہترین حل سماجی فاصلہ اختیار کرنا اور ہاتھ دھونا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر انتھونی فاکی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ہر سال موسمی وائرس کی طرح حملہ کرسکتا ہے۔ اس وائرس نے جنوب سے اٹھنا شروع کیا جہاں سرد موسم تھا اب وہاں سے دوسرے سرد علاقوں کا رخ کیا ہے، زیادہ تر کیسز ان علاقوں سے آ رہے ہیں جو سرد علاقے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن وائرس کے دوبارہ حملہ کرنے سے پہلے ویکیسن تیار کرنا لازم ہوگا۔ اس وقت دو ویکسین تیار کی ہیں، اب ان ویکسین کے انسانوں پر تجربات جاری ہیں، ایک ویکسین چین نے تیار کی ہے، ویکسین کے مارکیٹ میں آنے کیلئے کم ازکم ڈیڑھ سال لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے والے امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل کرلیا ہے، امریکا نے کورونا سے متاثرہ بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے، کورونا ریلیف فنڈ لینے والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

سینئر امریکن حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے عالمی وباء کورونا وائرس کے انتہائی مہلک اثرات سے متاثر ہونے والی بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کردیا ہے، قائم کردہ فنڈ میں جن ممالک کو امداد دی جائے گی ان میں پاکستان کو بھی حق دار قرار دیا گیا ہے۔امداد دینے کیلئے امریکا کی ترجیحی لسٹ کے ممالک میں افغانستان، بنگلا دیش، انڈونیشیاء ، قازکستان، ازبکستان، تھائی لینڈ ، برماشامل ہیں، ان ترجیحی لسٹ والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اسی طرح امریکا نے پاکستان کو کورونا ریلیف کیلئے1ملین ڈالر نئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کورونا کیخلاف ہنگامی امداد کیلئے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثر کررہا ہے۔