کورونا وائرس جیسی آفتیں ظالمین کی بداعمالیوں کا نتیجہ اور اہل ایمان کی آزمائش ہیں ، سید حامد علی شاہ موسوی

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2020ء) سپریم شیعہ علما بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جیسی آفتیں ظالمین کی بداعمالیوں کا نتیجہ اور اہل ایمان کی آزمائش ہیں ، دنیا6ماہ سے کشمیر میں جاری لاک ڈاون سے چشم پوشی کرتی رہی آج پوری دنیا لاک ڈاون کا شکار ہے ،کورونا پوری انسانیت کا دشمن ہے اسے فرقوں مسلکوں اور ملکوں سے نتھی کرکے آفتوں کے کرب میں مزید اضافہ نہ کیا جائے، عالمی ادارے اور امن پسند قوتیںکشمیر فلسطین یمن لیبیا شام بحرین قطیف میں ظلم و بربریت بند کروائیں ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کورونا کے متاثرین سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہا رکرتی ہے مریضوں کو چھوت بنانے کے بجائے محبت و شفقت دی جائے ،حکومت متاثرین کے علاج معالجہ کیلئے تما متر توانائیاں بروئے کار لائے میڈیا ورکروں اور دیہاڑی داروںکے گھروں میں فاقوں کا بھی مداوا کرے ، اہل ایمان ضرورتمندوں کی امداد میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں ،ڈاکٹرز و طبی عملہ کا قربانی سے لبریزحسینی جذبہ ہمیشہ یادرکھا جائے گا ،نواسہ رسول ؓ امام حسین نے انسانیت کی بقا اور اسلام کے دوام کیلئے اپنا سب کچھ وار دیا ، امام حسین جام شہادت تھام کر بھی امت محمدی ؓ کی بخشش و نجات کی جدوجہد میں مصروف رہے ،لازوال قربانی کی بدولت صدیوں اور زمانوں پر کربلا کے بے گوروکفن شہیدوں کا راج اور بادشاہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا ظہار انہوں نے ہفتہ ولائے محمد ؓ و آل محمد ؓ کی مناسبت سے نواسہ رسول الثقلین حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت پرنور کے موقع پر دعائیہ محفل میلادسے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کورونا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں و مناجات کی گئیں ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت پوری دنیا امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سرا ہ رہی ہے جبکہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پا مال کرکے جدل و جدال کی بنیادیںمضبوط کررہا ہے بھارتی اقدامات ایٹمی جنگ کی راہیں ہموار کررہے ہیں جو امن و سلامتی کی تباہی پر منتج ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس ، اوآئی سی ، ایمنسٹی انٹر نیشنل ، انسانی حقوق کمیشن کے کشمیر میں ظلم کے خاتمے کے مطالبے حتی کہ امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کی پیشکش واضح کررہی ہے کہ دنیا بھارتی موقف قبول کرنے کو تیا ر نہیں ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے بھارت کو کشمیر کے حوالے سے قراردادیں یاد دلائی ہیں چین ترکی ملائشیاایران نے بھی بھارتی ہٹ دھرمی اور شر انگیزی کے خلاف پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ظالمین کے سامنے بے بس ہو چکی ہے اس لئے کشمیر و فلسطین پر محض مطالبوں اور اپیلوں تک محدود ہے دنیا میں امن قائم رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کو مشرقی تیمور و سوڈان کی طرح کشمیر و فلسطین کے مظلوم عوام کو بھی ان کا حق دلوانا ہو گا۔ درایں اثناہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے تمام شہروں قصبوں دیہات میں انسانیت کے مسیحا اور مظلوموں کے محسن سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کی ولادت پرنور کے موقع پر محافل میلاد کا انعقاد کیا گیا جن میں کورونا وبا کے خاتمہ کیلئے دعائیں و مناجات کی گئیں اور مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔