کرونا وائرس سے متاثرہ اسپین کی شہزادی انتقال کر گئیں

86 سالہ ماریہ ٹریسا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 5690 ہوگئی، مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 65 ہزار 719 کی سطح تک پہنچ چکی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 28 مارچ 2020 22:33

کرونا وائرس سے متاثرہ اسپین کی شہزادی انتقال کر گئیں
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2020ء) کرونا وائرس سے متاثرہ اسپین کی شہزادی انتقال کر گئیں، 86 سالہ ماریہ ٹریسا کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 5690 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور دنیا میں اس وائرس کے باعث کسی بھی شاہی شخصیت کے انتقال کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسپین کی 86 سالہ شہزادی ماریہ ٹریسا کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔

ماریہ ٹریسا کا کرونا ٹیسٹ کچھ روز قبل مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ زیر علاج تھیں، تاہم اب ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ ماریہ ٹریسا کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

دوسری جانب تازہ اطلاعات کے مطابق اس وقت اسپین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 690 ہو چکی ہے جبکہ مزید 4 ہزار 165 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 65 ہزار 719 کی سطح تک پہنچ چکی ہے۔

اسپین میں وائرس سے متاثر صحت یاب ہونے والے شہریوں کی تعداد 9 ہزار 357 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔اٹلی کے بعد کرونا وائرس نے سب سے زیادہ تباہی اسپین میں مچائی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔اس وقت وبا کے باعث ہلاکتوں میں سرفہرست اٹلی ہے جہاں وائرس زدہ 9 ہزار 134 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 690 ہو گئی ہے۔

چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 295 ہے، جبکہ ایران میں 2 ہزار 378 افراد مہلک وائرس کا نشانہ بن چکے ہیں۔ علاوہ ازیں امریکہ میں بھی وائرس کا پھیلاو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں پر وائرس زدہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہو چکی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے 18 ہزار 691 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اور مزید 4 سو افراد بھی ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد امریکہ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 4 ہزار 126 ہو گئی ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 695 کی سطح کو پہنچ گئی ہے۔ جبکہ امریکہ میں اب تک وائرس سے متاثرہ 2 ہزار 522 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔