کورونا وائرس کے بے قابو ہونے کے بعد مختلف ممالک کے اہم فیصلے، برطانیہ کا برمنگھم ایئرپورٹ کو عارضی مردہ خانے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ، سعودی عرب میں جان بوجھ کر وباء پھیلانے والے کو سزائے موت ہو سکتی ہے، متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ اور اسکائپ سروس معطل

اتوار 29 مارچ 2020 00:00

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے بے قابو ہونے کے بعد مختلف ممالک کئی اہم فیصلے لینے پر مجبور ہو گئے، برطانیہ نے برمنگھم ایئرپورٹ پر عارضی مردہ خانہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب میں جان بوجھ کر وباء پھیلانے والے کو سزائے موت دی جا سکتی ہے، متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ اور سکائپ سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس نے 199 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، امریکہ کے بعد شدید متاثر یورپ بھی سخت اقدامات کرنے پرمجبور ہو گیا ہے، ہلاکتوں کی شرح میں اضافے کے بعد برطانیہ نے اپنے ہوائی اڈے کو بڑے مردہ خانے میں تبدیل کرنے کی تیاری کر لی ہے، برمنگھم ایئرپورٹ کے مردہ خانے میں 12 ہزار میتیں رکھنے کی گنجائش ہو گی، ابتدائی طور پر برمنگھم ایئرپورٹ پر 1500 میتیں رکھنے کیلئے تیاری کی جا رہی ہے تاہم جگہ کم پڑ جانے کی صورت میں ایئرپورٹ کو مردہ خانے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح خلیجی ممالک میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، سعودی عرب میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت تیرہ شہر بند ہیں، کرفیو کا دورانیہ بڑھا کر سہ پہر 3 بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا گیا جبکہ عوامی مقامات پر جان بوجھ کر وباء پھیلانے کی کوشش کرنے والے کو سزائے موت کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی جبکہ واٹس ایپ اور سکائپ کی سروس بھی معطل ہے۔