سعودی دارالحکومت الریاض پر میزائلوں سے حملہ

میزائل حملوں میں سعودی دارالحکومت الریاض کے علاوہ سعودی شہر جازان کو بھی نشانہ بنایا گیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 29 مارچ 2020 01:46

سعودی دارالحکومت الریاض پر میزائلوں سے حملہ
الریاض (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) سعودی دارالحکومت الریاض پر میزائلوں سے حملہ۔ میزائل حملوں میں سعودی دارالحکومت الریاض کے علاوہ سعودی شہر جازان کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ زور دار دھماکوں کی گونج گرج سے شہری خوفزدہ۔ دھماکوں کی آوازیں سعودی دارالحکومت الریاض کے شمال میں سنی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے درالخلافہ الریاض کے شمال میں زور دھماکے سنے گئے ہیں۔

 
 
ذرائع کے مطابق سنائی دینے والے دھماکوں کی تعداد 3 بتائی جا رہی ہے جن کی گونج گرج کافی زور دار تھی۔ 
 
تازہ اطلاعات کے مطابق سعودی میڈیا کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض کے اوپر 2 بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ کے مطابق بلیسٹک میزائلوں سے سعودی عرب کے 2 شہروں الریاض اور جازان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

 
 
سعودی عرب کے الاخباریہ چینل کے مطابق عرب اتحاد نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی دارالحکومت الریاض پر میزائلوں سے حملہ ہوا ہے اور میزائل فضاء میں ہی تباہ ہو گئے ہیں۔ سعودی شہر الریاض کے شمال میں رہنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباََ رات 11 بج کر 20 منٹس پر 3 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کل بھی سعودی عرب کے دو شہروں ابہا اور خمیس مشیط پر ڈرون حملے کیے گئے تھے۔ یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز نے کہا تھا کہ اس نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی جانب بھیجے گئے ڈرون طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ اتحادی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق مار گرائے جانے والے ڈرون طیارے مملکت کے دو شہروں ابہا اور خمیس مشیط کی سمت پرواز کر رہے تھے۔

اس سے قبل عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے بدھ کی شام اعلان کیا تھا کہ اتحاد کی مشترکہ افواج کی کمان یمنی حکومت کے فیصلے کو سپورٹ کرتی ہے۔ یمنی حکومت نے یمن میں فائر بندی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے سکرٹری جنرل کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔