اٹلی میں کورونا سے مزید 889 ہلاکتیں، اموات کی تعداد چین سے تین گنا زیادہ ہو گئی

ملک میں کورونا کے 5 ہزار 976 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 92 ہزار 472 ریکارڈ

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 29 مارچ 2020 05:12

اٹلی میں کورونا سے مزید 889 ہلاکتیں، اموات کی تعداد چین سے تین گنا زیادہ ..
روم (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) اٹلی میں کورونا سے مزید 889 ہلاکتیں، اموات کی تعداد چین سے تین گنا زیادہ ہو گئی۔ ملک میں کورونا کے 5 ہزار 976 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 92 ہزار 472 تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا بلکہ روزانہ کی بنیاد پر اس میں شدت آ رہی ہے۔

اٹلی اس وقت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پر کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی میں مزید 8 سو 89 افراد کورونا وائرس کے نذر ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت اٹلی میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 10 ہزار 23 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

 
ماہرین کے مطابق ہلاکتوں کے یہ اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے ملک چین سے بھی 3 گنا زیادہ ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق تازہ معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق اس وقت اٹلی میں کورونا وائرس کے 70 ہزار سے زائد کیسز ایکٹو ہیں۔ متفرق میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہو جانے والے شہریوں کی تعداد 12 ہزار 384 ہے۔

علاوہ ازیں اس وقت اٹلی میں 3 ہزار 856 مریض ایسے ہیں جن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی اٹلی میں 919 افراد موت کی نیند سو گئے تھے۔ واضح رہے کہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق جان لیوا کورونا وائرس اب تک 199 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اس خطرناک وائرس سے اب تک 30 ہزار 839 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 62 ہزار 541 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دنیا بھر میں اس وقت 25 ہزار 544 وائرس زدہ افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مزید برآں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 1 لاکھ 41 ہزار 468 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد چینی باشندوں کی ہے، اعداد و شمار کے مطابق 74 ہزار سے زائد چینی شہری مہلک وائرس کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوئے۔