کورونا کا خوف یا کچھ اور،کراچی میں شہری کی خودکشی کی وجہ سامنے آ گئی

لاک ڈاؤن کے بعد بےروزگار ہونے کی وجہ سے بھی پریشان تھا۔بیوہ خاتون کا موقف۔۔سرفراز نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی۔ پولیس کا موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 مارچ 2020 11:50

کورونا کا خوف یا کچھ اور،کراچی میں شہری کی خودکشی کی وجہ سامنے آ گئی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ2020ء) کراچی میں کورونا کے خوف اور لاک ڈاؤن کے بعد بے روزگاری ہونے کی وجہ سے شہری نے خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے میں محمود آباد میں کرونا وائرس کے خوف سے بے روزگار ہونے والے شہری نے خودکشی کرلی ہے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے محمود آباد تھانے کی حدود میں واقع کشمیر کالونی کے رہائشی سرفراز نے کورونا کے خوف سے خودکشی کرلی۔

اہلیہ کا کہنا ہے کہ شوہر کو کسی نے بولا تھا کہ وہ کرونا کا مریض بن گیا ہے۔سرفراز کے ذہن میں وہم بیٹھ گیا تھا اور وہ بہت زیادہ خوفزدہ تھا۔اسے کوئی بیماری نہیں تھی بلکہ وہ صحت مند تھا۔سرفراز پیٹرول پمپ پر گاڑی دھونے کا کام کرتا تھا۔کراچی میں لاک ڈؤن کے بعد وہ بے روزگار ہو گیا تھا اور اسے گھر کا کرایہ دینے کی فکر تھی۔

(جاری ہے)

بیوہ خاتون کے مطابق شوہر 500 روپے دیہاڑی پر کام کرتا تھا جب سے لاک ڈاؤن ہوا تو اس کا کام بالکل بند پڑا تھا اور گھر پر معاشی صورتحال بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی۔

جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سرفراز نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی ہے، واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اضح رہے کہ اس وقت کراچی سمیت ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ کیا جا چکا ہے۔ سندھ میں آدھے دن سے زائد وقت کیلئے کرفیو بھی نافذ کیا جاتا ہے۔ اسی باعث غریب طبقے کی جانب سے بے روزگار ہو جانے کا شکوہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس صورتحال میں صوبائی و وفاقی حکومت سمیت فلاحی تنظیمیں غریبوں کی مالی مدد کرنے کی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت لاک ڈاون کے باعث متاثرہ غریبوں کیلئے ماہانہ 3 ہزار روپے کی ادائیگی کا اعلان کر چکی، جبکہ غریبوں کو مفت راشن کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔