دبئی ایکسپو 2020 رواں سال ملتوی ہونے کا خدشہ

ایکسپو 2020 کو اگلے سال تک ملتوی کرنے کے حوالے سے منتظمین کے درمیان اہم میٹنگ 30مارچ کو ہوگی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 مارچ 2020 13:33

دبئی ایکسپو 2020 رواں سال ملتوی ہونے کا خدشہ
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مارچ 2020ء) ایکسپو 2020 ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایکسپو 2020 کو اگلے سال تک ملتوی کرنے کے حوالے سے اہم مشترکہ میٹنگ 30 مارچ کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق دُبئی میں دُنیا کی سب سے بڑی نمائش ایکسپو 2020ء کی تیاریاں عروج پر تھیں۔ اس عالمی نمائش میں شرکت کی خاطر لاکھوں غیرمُلکی افراد نے امارات کا رُخ کرنا تھا۔

ایکسپو 2020ء کا آغاز رواں سال 20 اکتوبر سے ہو نا تھا جس نے 20 اپریل 2021ء تک جاری رہنا تھا ۔ تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے دُنیا کی تاریخ کی اس سب سے بڑی نمائش کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔ کورونا وائرس نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا،کورونا کی وجہ سے مختلف ممالک میں بڑی بڑے ایونٹس ملتوی کر دئیے گئے۔ایسے میں متحدہ عرب امارات میں بھی یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا ایکسپو 2020 اس سال منعقد ہو گا یا نہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سےد بئی ایکسپو 2020 کی انتظامیہ بشمول کمیٹی کے تمام ممبران ، بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز اور متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کرنے والے نمائندوں کے درمیان 30 مارچ کو میٹنگ ہوگی۔جس میں ایکسپو 2020 کو اگلے سال تک ملتوی کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جس طرح اتھلیٹکس فیڈریشن کا ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو ایک سال کیلئے ملتوی کیا گیا ہے اسی طرح ایکسپو 2020 کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے حتمی فیصلہ بی آئی ای کے ممبر ممالک کریں گے۔ایکسپو 2020 کا ملتوی ہونا متحدہ عرب امارات کے لیے ایک دھچکا ثابت ہو گا کیونکہ دبئی نے ایکسپو میں آنے والے زائرین کے لیے ہوٹلوں ، پرکشش مقامات اور سہولیات کی تعمیر میں اربوں روپے خرچ کیا۔قبل ازیں ایکسپو 2020ء کے ترجمان کا بیان جاری ہوا تھا۔جس میں کہا گیا تھا کہ اس بین الاقوامی نمائش کے منتظمین کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ عالمی کوششوں کے نتیجے میں اس مہلک وائرس پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کر لی جائے گی۔

العربیہ نیٹ نیوز کے مطابق ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ”دبئی میں ایکسپو 2020ء کو دیکھنے کے لیے آنے والے ہر شخص کا تحفظ اور بھلائی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت سے مل کر کام کررہے ہیں تاکہ اس کے فراہم کردہ رہ نما اصولوں کا(مہلک وائرس سے بچاوٴ کے لیے) اطلاق کیا جاسکے۔