احمد شہزاد نے لاک ڈاﺅن سے متاثرہ افراد کیلئے زبردست اعلان کر دیا

میں نے ڈائریکٹ میسج آپشن کھول دیا ،کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں،میں ضرورت مندوں تک پہنچنے کی پوری کوشش کروںگا: ٹیسٹ اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 مارچ 2020 14:08

احمد شہزاد نے لاک ڈاﺅن سے متاثرہ افراد کیلئے زبردست اعلان کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مارچ2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کورونا وائرس کے پیش نظر کئے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے غریبوں کی مدد کیلئے میدان میں آ گئے ہیں جنہوں نے مداحوں سے کہا ہے کہ اگر کسی کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وباءکے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کئے جانے کے بعد مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور ایسے میں مخیر حضرات کی جانب سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔

قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے 28 سالہ احمد شہزاد بھی ضرورت مندوں کی مدد کیلئے میدان میں آ گئے ہیں۔احمد شہزاد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”میں نے سب کیلئے ڈی ایم (ڈائریکٹ میسج) آپشن کھول دیا ہے، براہ کرم اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

میں ضرورت مندوں تک پہنچنے کی پوری کوشش کروں گا، میں انفرادی طور پر کام کررہا ہوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی پوری کوشش ہوگی“۔ 
واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے بھی ضرورت مندوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرنے کیا تھا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اپنے فلاحی ادارے کے توسط سے غریبوں میں راشن تقسیم کیا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے سماجی رابطے کے اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ اگر کسی غریب کو غذائی اجناس کی ضرورت ہے تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔