قیمتوں میں ناجائز اضافہ نہ کریں، جنید کی گراں فروشوں سے درخواست

اگر آپ 1000 والی چیز 9 سو روپے میں نہیں بیچ سکتے تو کم از کم اسے 1500 تک نہ پہنچایا جائے: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 مارچ 2020 16:01

قیمتوں میں ناجائز اضافہ نہ کریں، جنید کی گراں فروشوں سے درخواست
صوابی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے گراں فروشوں سے اپیل کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ نہ کیا جائے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں جنید خان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ لوگوں کو معلوم ہے کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے اور پاکستان میں بھی پھیل رہا ہے ۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کی جو احتیاطی تدابیر ہیں وہ بھی آپ لوگوں کو معلوم ہیں، لیکن اس دوران جو بڑا مسئلہ ابھر رہا ہے وہ اشیایہ ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہے ۔جنید خان نے کہا کہ ہمارے غریب طبقے کو کھانے پینے اور اناج حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ اس صورتحال میں اگر آپ ایک ہزار والی چیز 9 سو روپے میں نہیں بیچ سکتے تو کم از کم اسے 15 سو تک نہ پہنچایا جائے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب اپنے محلے پڑوس میں دکھانے کے لیے نہیں بلکہ اللّٰہ کے لیے کریں۔ ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اس حوالے سے انہوں نے ڈپٹی کمشنر صوابی شاہد محمود سے بات ہوئی ہے اور وہ اس میں تعاون کر رہے ہیں۔ جنید خان نے دیگر اضلاع کے کمشنرز سے اپیل کی کہ وہ اپنے محلوں میں اور اپنے علاقوں میں نکلیں اور دیکھیں کہ دکان دار آپ کے دیئے ہوئے نرخ پر سامان بیچ رہے ہیں یا پھر غریب عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔