حکومت سندھ ضلع وسطی اور ضلع غربی کے مکینوں کیلئے کسی ایک اسپتال کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے مختص کرے، میئر کراچی

اتوار 29 مارچ 2020 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ وہ ضلع وسطی اور ضلع غربی کے مکینوں کے لئے وہاں پر موجود تین بڑے اسپتالوں میں سے کسی ایک اسپتال کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے مختص کیا جائے اورکٹس، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لئے حفاظتی لباس اور دیگرضروری طبی آلات فراہم کرے تاکہ ان اضلاع میں رہائش پذیر ایک کروڑ سے زائد آبادی کو قریب ترین ٹیسٹ کی سہولت میسر آئے، یہ بات انہوں نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال، سول اسپتال اور انڈس اسپتال شہر کی ضروریات پورا نہیں کرپارہے اور ان اضلاع سے دور ہونے کے باعث مریضوں کا ان ہسپتالوں تک پہنچنا انتہائی دشوار ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے اور جن لوگوں کے پاس ذاتی گاڑیاں ہیں انہیں بھی ان اسپتالوں تک پہنچنے کے لئے گھنٹوں کا سفر درکار ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی کے ناظم آباد میں عباسی شہید اسپتال، نیو کراچی میں سندھ گورنمنٹ اسپتال اور ضلع غربی میں قطر اسپتال میں سے کسی ایک کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے مختص کیا جاسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کا ایک ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد آنے والے ہفتے میں کورونا وائرس کے تشخیص کی زیادہ ضرورت ہوگی اس لئے ضروری ہے کہ فوری طور پر ضلع وسطی اور غربی کے لئے ان اسپتالوں کو تمام تر سہولتیں مہیا کی جائیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس وسائل انتہائی محدود ہیں اس لئے حکومت سندھ عباسی شہید اسپتال کو کورونا وائرس ٹیسٹ کٹس اور حفاظتی طبی آلات فراہم کرے تو عباسی شہید اسپتال دونوں اضلاع کو یہ سہولت فراہم کرسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی اور ضلع غربی کی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد دور دراز کے سفر کے اخراجات برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہیں، اس لئے انہیں مقامی سطح پر فوری طور پر کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت مہیا کیا جانا بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور تین سوسے زائد یوسیز اور ان کے منتخب نمائندے اس سنگین صورتحال میں حکومت کا ساتھ دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، جو خدمات فراہم کرسکتے ہیں وہ ہر صورت میں کریں گے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی اور ضلع غربی کے لئے فوری عباسی شہید اسپتال یا کسی دوسرے اسپتال کو ٹیسٹ کے لئے فعال کیا جائے اور اسپتال کو فنڈ سمیت تمام سہولتیں مہیا کی جائیں، انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن، منگوپیر، بنارس، پہاڑ گنج، نصرت بھٹو کالونی، علیگڑھ کالونی، ایسے علاقے ہیں جہاں غریب اور روزمرہ کام کرنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کی لاکھوں کی آبادی ہے، ان کے لئے مقامی سطح پر علاج معالجہ کی سہولت مہیا نہ ہوئی تو ان کی مشکلات بے انتہا اضافہ ہوجائے گا، مئیر کراچی نے ایک بار پھر مخیر حضرات اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ محنت کشوں، مزدوروں اور غریب لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں اور اگر افرادی قوت سمیت کسی بھی قسم کی ضرورت ہو تو کے ایم سی یا ڈی ایم سیز اور اس کے منتخب نمائندوں سے مدد لی جاسکتی ہے۔