ٹائیگرز فورس کو مسترد کرتے ہیں ،عوام کی مدد کیلئے معطل شدہ بلدیاتی ڈھانچہ فوری بحال کیا جائے،محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں ‘ پیپلز پارٹی

وزیراعظم کی تمام تھیوریز ناکام ہوئیں ، اگلے دو مہینوں میں وبا ء کے پھیلنے کا بہت خطرہ ہے،وزیراعظم کی کنفیوزن ملک کیلئے مہلک ثابت ہو سکتی ہے پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب ،وزیر اعلیٰ اور سپیکر سے رابطے کیلئے حسن مرتضیٰ فوکل پرسن مقرر

اتوار 29 مارچ 2020 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بے عملی اور بے احتیاطی سے پنجاب میں کورونا کی وبا ء سنگین خطرہ بن چکی ہے، اس دوران چینی آٹا، گھی،سبزیاں اور پھل مہنگے ہونا بد قسمتی ہے،مارکیٹ کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے اسے روکا جائے، ہم ٹائیگرز فورس کو مسترد کرتے ہیں ،عوام کی مدد کیلئے معطل شدہ بلدیاتی ڈھانچہ فوری بحال کیا جائے،سندھ کی طرح محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں جن میں تمام جماعتوں اور این جی اوز کوشامل کیا جائے ،ہم اپنے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہیں تاکہ وہ وزیر اعلیٰ اورسپیکر کو ملیں اور انہیں پنجاب میں موثر اقدامات کی تجاویز دیں،پنجاب میں خاطرخواہ ٹیسٹنگ ہو رہی ہے نہ ہی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کو احتیاطی لباس فراہم کیا گیا ہے، مارکیٹ کمیٹیوں کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کو فوری روکا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کے ویڈیو لنک پر اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔اجلاس میں چودھری منظور احمد، چودھری اسلم گل،سید حسن مرتضی، ملک عثمان ،عاصم بھٹی،حاجی عزیز الرحمن چن،نسیم قریشی، رائے شاہجہان بھٹی ، دیوان شمیم اور سردار سلیم حیدر شریک ہوئے۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ وبا ء کی صورت حال میں پیپلزپارٹی نے متحرک کردار ادا کیا،سندھ حکومت کے رول ماڈل کو پوری دنیا نے فالو کیا، وزیراعظم کی بجائے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو واضح لائحہ عمل دیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سیاست ایک طرف رکھ کر وزیراعظم کو تسلیم کرتے ہیں۔بد قسمتی سے وزیراعظم کا جوابی رویہ نامناسب تھا ۔ آنے والے دنوں میں اقتصادی بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے ۔ وبا ء کے حوالے سے وزیراعظم کی تمام تھیوریز ناکام ہوئیں ، اگلے دو مہینوں میں وبا ء کے پھیلنے کا بہت خطرہ ہے،گجرات اور اس کے گردونواح میں باہر سے آنے والوں کی وجہ سے وبا ء پھیل رہی ہے ،وزیراعظم کی کنفیوزن ملک کے لئے مہلک ثابت ہو سکتی ہے،مزدوری اور دیہاڑی تو دو ہفتوں سے ختم ہو چکی ہے ۔

چودھری منظور احمد نے کہا کہ حسن مرتضی کو فوکل پرسن مقرر کیا جائے جو کی سپیکر اور وزیراعلی سے ابطہ کریں ،پیپلزپارٹی پنجاب کی طرف سے تعاون کا یقین دلائیں۔ ان سے پوچھیں پنجاب میں ٹیسٹنگ کی کیا صورتحال ہے ۔ پنجاب کم ٹیسٹنگ کر رہا ہے مگر مریضوں کی تعداد پھر بھی زیادہ ہے،مثبت کیسز بھی سب سے زیادہ پنجاب میں آرہے ہیں ،اس کا ایک ہی حل ہے ٹیسٹنگ ،ٹیسٹنگ اور مزید ٹیسٹنگ ہے ۔

وزیراعلی پنجاب نے بھی وفاق کو کہا ہے کہ ان کے فنڈز ریلیز کئے جائیں ،عثمان بزدار کو بھی سندھ کے وزیر اعلی کے نقش قدم پر چلنا پڑا ہے ۔ سید حسن مرتضی نے کہا کہ وباء کے حوالے سے پنجاب حکومت بڑی طرح ناکام ہو چکی ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں پنجاب کے پارلیمانی لیڈر زکا فوری طور پر ویڈیو لنک پر اجلاس بلایا جائے۔پنجاب اسمبلی کا بھی اجلاس وڈیو لنک پر بلایا جانا چاہیے ۔ اس نا اہل حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جانا چاہئے۔۔پنجاب کے لوگوں کے ٹیسٹ نہیں ہو رہے تو کیسے پتا چلے کہ اصل تعداد کتنی ہے۔ یہ موقع ہے کہ اس نا اہل حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔