لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی کے باعث شہری نے خاتون کا بھیس بدل لیا

نقاب پوش شہری خواتین والے کپڑے پہن کرپابندی کی خلاف ورزی کررہا تھا کہ پولیس نے ناکے پر روک کربے نقاب کردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 29 مارچ 2020 22:12

لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی کے باعث شہری نے خاتون کا بھیس بدل لیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی کے باعث شہری نے خاتون کا بھیس بدل لیا، نقاب پوش شہری خواتین والے کپڑے پہن کرپابندی کی خلاف ورزی کررہا تھا کہ پولیس نے ناکے پر روک کربے نقاب کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، لاک ڈاؤن کے باعث ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے بلکہ بلاوجہ شہریوں کے پھرنے پر ان کی چیکنگ کی جاتی ہے۔

لوگوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں تک خود کو محدود رکھیں۔لیکن اس کے باوجود لوگ کھلے عام پابندی کی خلاف ورزی کررہے ہیں بلکہ دوسرے شہریوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کررہے ہیں۔آج سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور میں ڈبل سواری پر پابندی کے باعث شہری نے خاتون کا بھیس بدل لیا، نقاب پوش شہری خواتین والے کپڑے پہن کرپابندی کی خلاف ورزی کررہا تھا کہ پولیس نے ناکے پر روک کربے نقاب کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے پوچھ گچھ کی کہ یہ خاتون کون ہے؟ جس پر موٹرسائیکل چلانے والے نے کہا کہ میری کزن ہے، پولیس اہلکار نے کہا کہ پھر آپ اس کو کہاں لے کر جارہے ہیں؟پولیس نے شک پڑنے پر کہا کہ خاتون کا نقاب ہٹائیں،اس کو تو داڑھی ہے، یہ بندہ لگتا ہے، دوسرے پولیس اہلکار نے کہا کہ یہ خواجہ سرا لگتا ہے۔ شہری نے نقاب اور ماسک اتارا تو سارا پول کھل گیا۔

جس پر دونوں موٹرسائیکل سوار شرمندگی سے منہ چھپانے لگے۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور کے احکامات کی روشنی میں سی ٹی او نے وارڈنز کو مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ٹریفک پولیس کو کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ گاڑی میں دو سوار سے زائد شہریوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ صرف مخصوص صورتحال میں کار میں دو سوار سے زائد بیٹھنے کی اجازت ہوگی، ڈرائیورز کو ماسک اور گلوز پہننے کی بھی پابندی کروائی جائے۔