وزیراعظم کھانے پینے کی اشیا سے ٹیکس ختم کریں:شاہد آفریدی

ہم سب کو ملکر اس وبائی صورت حال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آگے بڑھیں اور عطیات دیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 مارچ 2020 11:58

وزیراعظم کھانے پینے کی اشیا سے ٹیکس ختم کریں:شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکس ختم کردیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپیل کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’موجودہ بحران کے باعث وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کو فی الحال ٹیکس سے مشتنیٰ قرار دے دی جائیں، ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے عوام فائدہ اٹھا سکیں، ہم سب کو مل کر اس وبائی صورت حال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آگے بڑھیں اور عطیات دیں‘‘۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا سبب بننے والے نوول کورونا وائرس سے پاکستان میں بھی اموات اور نئے کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ملک میں متاثرین کی تعداد 1600 سے تجاوز کرگئی جب کہ مزید 2 اموات کے بعد اب تک 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ایک روز میں سب سے زیادہ اموات 29 مارچ کو ریکارڈ کی گئیں، جہاں سندھ میں 2، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک مریض انتقال کرگیا جس کے باعث ایک روز میں 5 اموات سامنے آئیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈٰی نے مزید 2 اموات کی تصدیق کی جس کے جس کے بعد اگر ان 2 اموات کو شامل کلیں تو پنجاب میں اموات 8 ہیں تاہم ابھی سرکاری سطح پر یہ تعداد 6 بتائی گئی ہے، علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں 5، سندھ میں 3، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک فرد اس مہلک وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔اگر مجموعی طور پر ملک میں کیسز کو دیکھیں تو پنجاب سب سے آگے ہے اور وہاں 593 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اس کے بعد سندھ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 502 ہے۔

خیبرپختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد 51 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں تاہم جہاں اس وائرس سے اتنے افراد متاثر ہوئے وہیں 28 مریض ایسے تھے جو صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔30 مارچ کے ابتک کے اعداد و شمار تو ملک میں متاثرین کی تعداد 1613 تک پہنچ چکی ہے۔