کورونا وائرس سے مبینہ ہلاکتوں کی وجہ سے کراچی کے سرد خانے بند کردیئے گئے

کورونا اور لاک ڈاون کی وجہ سے قبرستانوں سے گورکن بھی غائب ،ڈائریکٹر قبرستان نے بھی گورکنوں کی کمی کی تصدیق کردی

پیر 30 مارچ 2020 15:39

کورونا وائرس سے مبینہ ہلاکتوں کی وجہ سے کراچی کے سرد خانے بند کردیئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) کورونا وائرس سے مبینہ ہلاکتوں کی وجہ سے کراچی کے سرد خانے بند کردیئے گئے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق بعض افراد کی مبینہ طور پر کورونا سے ہلاکت کو چھپایا گیا، ایدھی سر دخانے میں میتیں رکھواتے وقت وجہ موت چھپائی گئی۔ذرائع نے بتایاکہ شبہ ہے سرد خانے لائے گئے 2 افراد کی موت کورونا سے ہوئی، سرد خانوں سے کورونا کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر انہیں بند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق ایدھی ہوم سے میت کو غسل دینا بھی بند کردیا ہے۔دوسری جانب چھیپا فائونڈیشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عارضی طور پر سرد خانے بند کرنے کی تصدیق کی۔ترجمان چھیپا فائونڈشن شاہد حسین کے مطابق سرد خانے بند ہونے سے عوام اپنے پیاروں کی میتیوں کے لیے پریشان ہوگئے، جبکہ کورونا اور لاک ڈاون کی وجہ سے قبرستانوں سے گورکن بھی غائب ہیں۔گورکنوں کا کہنا ہے کورونا سے مرنے والوں کی میتیں دفنانے سے ہمیں بھی وائرس لگ سکتا ہے، ڈائریکٹر قبرستان نے بھی گورکنوں کی کمی کی تصدیق کی ہے۔