طبی آلات سے بھرا 5واں جہاز چین سے کراچی پہنچ گیا

سول ایویشن اتھارٹی کی جانب سے کارگو طیارے پر احتیاتی تدابیر کے طور پر اسپرے کیا گیا

پیر 30 مارچ 2020 15:39

طبی آلات سے بھرا 5واں جہاز چین سے کراچی پہنچ گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس جیسی بین الاقوامی وبا پر قابو پانے کے لیے چین حکومت کی جانب سے مسلسل طبی آلات کی شکل میں امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔۔ چین کے کنمنگ ایئر پورٹ سے ٹیسٹنگ کٹس، ماسک اور دیگر طبی سازو سامان لے کرپیرکو پانچویں کارگو فلائٹ کراچی پہنچی۔

چین کی وائی ٹی او کارگو ایئر لائن کی پرواز وائی جی 9067 نے پیرکی صبح 9 بجکر 25 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمنل پراتری ۔سول ایویشن اتھارٹی کی جانب سے کارگو تیارے پر احتیاتی تدابیر کے طور پر اسپرے کیا گیا ہے ، کارگو تیارے سے نکلے امدادی سامان پر بھی اسپرے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چین کی جانب سے امدادی سامان میں این 95 ماسک، گلوز، کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس اور طبی آلات کی بڑی مقدار شامل ہے۔

پاکستان میں مہلک کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے چین سے مسلسل طبی آلات بھیجے جارہے ہیں۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 8 دن میں چین سے طبی امدادی سامان لانے والا یہ پانچواں کارگو ہوائی جہاز ہے۔ امدادی سامان لے کر یہی کارگو فلائٹ 28، 27، 25، اور 23 مارچ کو بھی کراچی آئی۔ 27 مارچ کو طبی سامان لانے اس چینی جہاز کا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استقبال کیا۔ چینی حکومت اب کئی لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک اور دیگر طبی سازو سامان کراچی بھیج چکی ہے۔