حکومت کے ضرورتمند اورمستحق افراد کی امدادکیلئے اعلانات حوصلہ افزاء ہیں، صدر ایواں صنعت وتجارت

پیر 30 مارچ 2020 15:39

حکومت کے ضرورتمند اورمستحق افراد کی امدادکیلئے اعلانات حوصلہ افزاء ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) ایوان صنعت وتجارت فیصل ۱ٓباد کے صدر رانا محمد سکندراعظم خاں نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف پوری قوم متحد ہو جائے اورہر شہری حکومتی اقدامات پرمکمل تعاون کرے تاکہ اس وباء کو جڑ سے ختم کیا جاسکے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اپنے طو رپر ضرورتمندوں اورمستحق افراد کی امدادکیلئے اعلانات کئے گئے ہیں لیکن جب تک صاحب ثروت شخصیات میدان میں نہیں آئیں گی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم عوام کی خدمت کرکے نیکی کمالیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر شخص خوف وہراس میں مبتلا اپنے گھروں میں بند ہوکر رہ گیا ہے ‘بہت سارے غریب ‘مزدور‘روزانہ اجرت کمانے والے آج گھروں میں بیٹھے حکومت اور صاحب ثروت لوگوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ شائد کوئی ان کی مدد کو پہنچے اور ان کے بچوں فیملی کو کھانا ‘اشیاء ضروریہ مہیا کرسکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اراکین اسمبلی‘ فلاحی اداروں کے سربراہان ‘تاجروں‘صنعتکاروں سمیت ہرصاحب استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے بچائو اور لاک ڈائون کی وجہ سے جو غریب افراد‘مزدور‘ دیہاڑی دار طبقہ ‘سفید پوش جو گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں ان تک راشن پہنچانے ‘ان کی مدد کرنے کیلئے میدان میں نکلیں اور ضرورت مندوں کی ضرورت کا خیال رکھیںکیونکہ آج تم دوسروں کی مدد کروگے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ صاحب ثروت افراد جو ہر سال حج وعمرہ پر جاتے ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اب وہ نہیں جاسکتے ان کابھی فرض بنتا ہے کہ وہ جو خرچ حج وعمرہ پر کرتے تھے اب وہ اپنے غریب بہن بھائیوں پر خرچ کریں اللہ تعالیٰ ان کا حج وعمرہ قبول فرمائے گا۔ رانا محمد سکندراعظم خاں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بھی بعض عناصر ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کر کے عوام کا استحصال کرنے سے باز نہیں آرہے جو انتہائی دکھ کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو لاک ڈائون سے پہلے دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تھے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے آج اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی نہیں دے سکتے اور ان کے گھروں میں فاقے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہر شہر میں مزدوروں کے اڈے پر جا کر انہیں راشن اور نقد امداد پہنچانے کے انتظامات کئے جائیںجبکہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے اور موقع پر ہی سزا سنا کر سلاخوںکے پیچھے دھکیلا جائے ۔

رانا محمد سکندراعظم خاں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اب پالیسیوں سے نکل کر حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کریں غریب لوگوں کو مزید ریلیف دیتے ہوئے 3سو سے کم یونٹ والے بجلی بلوں کو تین ماہ کیلئے معاف کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔