Live Updates

صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سید رفاقت علی گیلانی

پیر 30 مارچ 2020 17:00

لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام کو آٹے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کیا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانون کے تحت بلاتفریق کارروائی کی جائے اور ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے، عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور فرض ہے، پرائس کنٹرول کیلئے مؤثر میکانزم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں ۔

انہوں نے ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ںکے خلاف کریک ڈائون کا حکم بھی دیا۔ انہوںنے کہا کہ پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی وزیر اعلیٰ پنجاب خود نگرانی کررہے ہیں، کسی کو صوبہ کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے معاشی پیکیج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا، کورونا وائرس سے نمٹنے اورغریب طبقے کو ریلیف فراہم کریں گے، حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، کورونا وائرس کی وباء نے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی اورغریب طبقے کی فلاح وبہبود کو ترجیح دی ہے، کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات میں مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف کی حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسوں کی چھوٹ سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا اور پنجاب حکومت عام آدمی کو معاشی اثرات سے بچانے کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وائرس کی وباء کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت پرعزم ہیں، ہمارا ہر قدم کورونا وائرس کے سدباب کیلئے اٹھ رہا ہے اور ایک ایک لمحہ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثر ہ مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کررہے ہیں اور صوبے میں قرنطینہ مراکز کی تعداد میں اضافہ کیاگیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات