پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے چیلنج سے نمٹنے میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر سے ملاقات میں گفتگو وبا سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی تیاری میں بھرپور معاونت فراہم کریں گے، جولین فریڈرک مارکوم ہارنیس

پیر 30 مارچ 2020 17:16

پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے چیلنج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کووڈ۔ 19 دنیا بھر کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، پاکستان اوردیگر ترقی پذیر ممالک کو اس چیلنج سے نمٹنے میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین فریڈرک مارکوم ہارنیس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران کورونا وائرس کی عالمی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہء خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کووڈ۔ 19 دنیا بھر کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے لیکن پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان، اپنے محدود وسائل کے ساتھ اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے۔

جولین فریڈرک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی تیاری میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ حکمت عملی کا مقصد اس وبا کے مقابلے کے لئے عالمی برادری سے مالی معاونت کا حصول اور اس پر عملدرآمد کی موثر نگرانی کرنا ہے۔ حکمت عملی کے ذریعے عوامی سطح پر کورونا کی وبا سے نمٹنے کی تیاری اور اس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔