وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ،بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی قائم

اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں، ایک طرف ہماری استعداد کار میں اضافہ ہو رہا ہے ، دوسری طرف وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ،ہمیں اس صورت حال کو متواتر دیکھنا ہو گا، شاہ محمود قریشی کا خطاب

پیر 30 مارچ 2020 18:18

وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس ،بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلا س میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی قائم کر دی گئی ۔ پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت، وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ،معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری ہوابازی ڈویڑن حسن ناصر جامی، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ جنرل عامر اکرام، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اس اہم مسئلے پر تفصیلی مشاورت ہوئی ،کرونا وائرس کی بیرونی ممالک سے پاکستان ممکنہ آمد کے خطرے کو روکنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اسی دوران صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی گئی ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں ۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کی نوعیت اور رسک اسسمنٹ کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی ۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ائرپورٹ پر مسافروں کے ٹیسٹ اور کوارنٹائین کی سہولت اور دیگر تیاریوں کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ایک طرف ہماری استعداد کار میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن دوسری طرف وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ہمیں اس صورت حال کو متواتر دیکھنا ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے جب چین میں مقیم پاکستانی طلباء کو پریشر کے باوجود واپس نہ لانے کا فیصلہ کیا تو آج وہی طلبہ ہمارے فیصلے کو سراہ رہے ہیں ،اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائیٹس بحال ہونے کی صورت میں، لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئیں ،اس اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا