آٹے کی قلت پنجاب میں کورونا سے بھی بدترین شکل اختیار کرتی جا رہی ہے، حیدرزمان قریشی

گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد بھی لوگوں کو آٹا نہیں مل رہا، عمران خان اور بزدار حکومت مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہیں، بیان

پیر 30 مارچ 2020 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) پیپلز پارٹی کے رہنما حیدرزمان قریشی نے کہا ہے کہ آٹے کی قلت پنجاب میں کورونا سے بھی بدترین شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پنجاب میں آٹے اور اشیا خوردنوش کی ذخیرہ اندوزی سے حکومت ناکام ہو گئی، صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، مافیاز عوام کو لوٹ رہے ہیں۔

حیدر زمان قریشی نے کہاکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں طلب کا صرف دس فیصد آٹا بھی دستیاب نہیں ہے، دیہاتوں میں آٹا غائب، شہروں میں کریانے کی دکانوں پر لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔ حیدر زمان قریشی نے کہاکہ گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہونے کے بعد بھی لوگوں کو آٹا نہیں مل رہا، عمران خان اور بزدار حکومت مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر حکومت مافیاز کی سرپرست نہیں تو قلت کرنے والی فلور ملز کو سرکاری تحویل میں لیا جائے، آٹے کی دستیابی حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت قوم کے ساتھ مذاق نہ کرے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کورونا کی اس وبا میں بھی اپنے لوگوں کو نواز رہے ہیں، کورونا ٹائگر فورس سرکاری خزانے کے اپنے لوگوں میں بندربانٹ کا منصوبہ ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈکس کے پاس ماسک ہیں نہ دستانے، عمران خان کورونا کی وبا سے بھی مال بنا کر اپنی مالی سہولتکاروں کو نواز رہے ہیں۔