شاہ محمود قریشی سے عثمان ڈار کی ملاقات ،خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے تبادلہ خیال

لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے ،مشکلات کے ازالے کیلئے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے ،شاہ محمود قریشی کرونا ٹائیگر فورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس ٹائیگر فورس کا حصہ بنایا جائے گا، عثمان ڈار کی بات چیت

پیر 30 مارچ 2020 18:18

شاہ محمود قریشی سے عثمان ڈار کی ملاقات ،خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) معاون خصوصی برائے امورنوجواناں عثمان ڈار نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوںنے بتایاکہ یہ فورس گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان، پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے، نوجوانوں کو کرونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس بار انہیں کرونا ٹائیگر فورس کا نام دیا گیا ہے۔۔ انہوںنے کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اس غریب کی مشکلات کے ازالے کیلئے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں نے سیلاب ہو یا زلزلہ، ہر مشکل گھڑی میں، بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا اور بے لوث خدمات سر انجام دیں ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کرونا ٹائیگر فورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس ٹائیگر فورس کا حصہ بنایا جائے گا،اس رضا کار فورس کو قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری اور ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ۔

عثمان ڈار نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ٹائیگر فورس میں شرکت کیلئے، ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل 31 مارچ سے 10 اپریل تک، سیٹیزن پورٹل کے ذریعے مکمل کر لیا جائے گا۔یہ رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کے گھروں تک کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔