صوبے کے عوام صوبائی حکومت کا ساتھ دیں ، گھروں میں رہیں، باہر گھومنے،

پھرنے اور پکنک منانے سے گریز کریں،وزیراعلیٰ بلوچستان کے لائیزون اسسٹنٹ پرنس علی بلوچ وزیراعلیٰ جام کمال کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام ،تدارک کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے ، اے پی پی سے بات چیت

پیر 30 مارچ 2020 18:24

صوبے کے عوام صوبائی حکومت کا ساتھ دیں ، گھروں میں رہیں، باہر گھومنے،
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے لائیزون اسسٹنٹ پرنس علی بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کورونا وائرس کے خلاف جو اقدامات اٹھائے ہیں ،وہ سب لائق تحسین ہیں ،لہذا صوبے کے عوام بھی صوبائی حکومت کا ساتھ دیں ، عوام گھروں میں رہیں، باہر گھومنے، پھرنے اور پکنک منانے سے گریز کریں،عوام کی جانب سے تعاون نہ کیا گیا تو زیادہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں ، صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام اور تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر عوام کا تعاون از حد ضروری ہے ، خدانخواستہ زیادہ لوگوں کو یہ وائرس لاحق ہونے اور جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے، بلا جواز گھروں سے نہ نکلیں اور نہ ہی شہر میں رش والی جگہوں میں جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرنس علی بلوچ کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اپنے گھروں میں رہیں، اپنے گھروں والوںکی زندگی کا تحفظ کریں، ڈاکٹرز کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں ، حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، کورونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور زندگی کے تحفظ کیلئے بلوچستان حکومت نے سخت فیصلے کئے ہیں، لاک ڈاؤن کے فیصلے پر بلوچستان کی عوام حکومت سے تعاون کرے، گھروں میں رہیں، اتحاد واتفاق سے کورونا وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے، اس حوالے سے حکومتی لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمد کریں، لاک ڈائون کا مقصد عوام کواس موذی وباء سے بچانا ہے۔

پرنس علی بلوچ نے بتایا کہ بلا جواز اپنے گھروں سے ہرگز نہیں نکلیں، ماسک کااستعمال کریں اور ایک دوسرے سے ایک میٹر کے فاصلے پر رہیں،اسی طرح ان سب احتیاطی تدابیر میں اپنے گھر والوں ، بچوں سمیت اپنے عزیز واقارب اور دوستوں کو بھی شامل کریں، کیونکہ کورونا وائرس سے اب تک کی صورتحال کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں ،دوسری جانب لاکھوں افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے مختلف ممالک میں پھیل رہا ہے، اس کا واحد علاج احتیاط ہی ہے،لہذا کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کاعقل مندی اور خیال داری سے مقابلہ کرنا ہے ۔