Live Updates

جماعت اسلامی وزیر اعظم کے اعلان کردہ ٹائیگر فورس کے قیام کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے،مشتاق احمد خان

کرونا بحران میں اب تک تحریک انصاف کی پوری قیادت اور ورکرز منظر عام سے مکمل غائب رہے ہیں،امیرجماعت اسلامی خیبر پختونخوا

پیر 30 مارچ 2020 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) امیرجماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی وزیر اعظم کے اعلان کردہ ٹائیگر فورس کے قیام کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے یہ صرف اور صرف اس پورے عمل کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور اپنے پارٹی مفادات کو تحفظ دینے کے لئے ایک ڈھونگ رچایا جارہا ہے جس کو ٹائیگر فورس نہیں سفید ہاتھی کہنا چاہئے کیونکہ اس کا نتیجہ یہی نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کہ اس پورے بحران میں اب تک تحریک انصاف کی پوری قیادت اور ورکرز منظر عام سے مکمل غائب رہے ہیں اب جب امداد کی تقسیم اور مستحقین تک راشن پہنچانے کا مرحلہ آیا ہے تو یہ سب سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے میدان میں کو د پڑے ہیں انہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم اور ترسیل کیلئے پہلے سے میدان میں موجود ریاستی ادارے مثلاً فوج، پولیس، سول ڈیفنس، ٹی ایم ایز ، ضلعی انتظامیہ اور ریلیف ادارے موجود ہیں انہی کے ذریعے اس کام کو جاری رکھا جائے اور اس کی نگرانی کی جائے انہوں نے جاری بحران میں حکومتی کار کردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مارکیٹ سے ماسک، دستانے، sanitisers غائب ہوگئے اور ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں اب لاک ڈاؤن کے دوران گندم، آٹا اور دیگر اشیائ خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں حکومت مارکیٹ پر اپنی گرفت مکمل طور پر کھو چکی ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے وارے نیارے ہیں انہوں نے کہا کہ تاحال پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ چینی، دالیں اور گھی کی قیمتیں بھی اچانک بڑھ گئی ہیں حکومتی کا رکردگی کا یہ حال ہے کہ وہ ابھی تک اپوزیشن پر الزام تراشیوں میں مصروف ہے حکومت فی الفور مارکیٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفرشوں کے خلاف کاروائی کرے ورنہ حالات پر کنٹرول مشکل ہو جائے گاانہوں نے کہا کہ تاحال حکومت کی طرف سے ڈاکٹرزاور ہسپتالوں کے عملہ کے تحفظ کیلئے کو ئی انتظام نہیں کیا گیا جس سے خدا نخواستہ ایک نیا بحران جنم لے سکتا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرزاور ہسپتالوں کے عملہ کے تحفظ کیلئے انتظامات کو فوری طور پر پہلی ترجیح (priority) پرمکمل کرے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات سید صہیب الدین کا کا خیل کے مطابق جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امرا ء اضلاع کا اجلاس آج مورخہ 31 مارچ بروز منگل 11بجے دن المرکز الاسلامی میں طلب کیاگیا ہے اجلاس کی صدارت امیرجماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان کریں گے اجلاس سکائپ( skype ) کے ذریعہ آن لائن منعقد کیا جائے گااجلاس میں امرا ء اضلاع اب تک کرونا آگاہی مہم کے حوالہ سے رپورٹس پیش کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منصوبہ بندی کی جائے گی اجلاس میں الخدمت کی اب تک کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات