لاہور ہائیکورٹ نے میر شکیل الرحمن کی فوری رہائی کی درخواست مسترد کردی

پیر 30 مارچ 2020 21:41

لاہور ہائیکورٹ نے میر شکیل الرحمن کی فوری رہائی کی درخواست مسترد کردی
لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے معروف کاروباری شخصیت و نجی اخبار کے مالک میر شکیل الرحمن کی نیب گرفتاری اور ریمانڈ کے خلاف درخواست پر فوری رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے شکیل الرحمن کی اہلیہ کی درخواست پر عدالت میں جواب جمع کرادیا۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کے دوران میر شکیل الرحمن کے وکیل اعتزاز احسن نے دلائل دیئے، عدالت نے درخواست ضمانت پر نیب پراسکیوٹر سے جواب طلب کرلیا ،فاضل عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے میر شکیل الرحمن کو فوری رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی ،ان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ میر شکیل الرحمن کے بھائی کراچی میں وینٹی لیٹر پر ہیں انکی اجازت سے وینٹی لیٹر اتارا جانا ہے جس پر فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وینٹی لیٹر اتارنے کی اجازت کوئی بھی دے سکتا ہے۔

نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری کے دوران وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکتے ہیں۔ میر شکیل کے وکیل نے استدعا کی کہ میر شکیل الرحمن کو 12 مارچ کو گرفتار کرنے کا اقدام نیب کے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دے کالعدم کیا جائے اور احتساب عدالت کا میر شکیل الرحمن کا جسمانی ریمانڈ دینے کا حکم کالعدم کیا جائے۔