ضرورت مند لوگوں تک پہنچنے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے، سید قاسم نوید قمر

پیر 30 مارچ 2020 21:44

ضرورت مند لوگوں تک پہنچنے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے، سید قاسم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ اور کورونا وائرس پر ٹنڈو محمد خان کے لئے فوکل پرسن سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ غریب مزدوروں ، مسکینوں، مستحقین اور دیہاڑی دار طبقے کو درپیش مشکلات سے بخوبی واقف ہے جو ان کو لاک ڈان کی صورتحال کی وجہ سے سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ہم ایسے لوگوں تک پہنچنے اور ان کو راشن کی فراہمی کے لئے ایک جامع طریقہ کار پر عمل پیرا ہیں تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔

یہ بات انہوں نے کمپری ہینسیو اسکول ٹنڈو محمد خان ، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور فوجی شوگر مل ٹنڈو محمد خان کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی ، ایس ایس پی عابد علی بلوچ ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد یوسف ، ایم ایس انڈس اسپتال ، میونسپل چیئرمین شاہنواز شاہ بخاری اور صحت کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے کمپری ہینسیو اسکول ٹی ایم خان خان کو ائسولیشن وارڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سید قاسم نوید قمر نے ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان سے فوری طور پر اس مقصد کے لئے فنڈز جاری کرنے کو کہا کیونکہ حکومت سندھ پہلے ہی فنڈز متعلقہ دفاتر میں منتقل کرچکی ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنی ہے اور ہم جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم بہت جلد اس نازک صورتحال سے باہر آجائیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم سندھ کی عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔