عمران خان کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، شہباز شریف

پیر 30 مارچ 2020 22:12

عمران خان کا رویہ کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2020ء) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا رویہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پنجاب میں بڑی تباہی دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیسٹ نہ کرنے کے فیصلے سے قوم کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں، ٹیسٹنگ اور اسکریننگ سے متعلق تمام ڈیٹا سامنے لایا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کے متاثرین، ٹیسٹ اور اسکریننگ کیاعداد و شمار چھپانا جرم ہے اور اس کا حل بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ اور اسپتالوں سے الگ قرنطینہ سینٹرز کا قیام ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رویہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 18 ہو چکی ہے جبکہ ایک ہزار 600 سے زائد افراد متاثر ہیں۔