Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 10 ارب روپے کے چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی انصاف امداد پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت ؛فول پروف میکانزم کے تحت اصل حقدار تک مالی امداد پہنچائیں گے، 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دینگے انصاف امداد پیکیج کے تحت درخواستیں آن لائن لی جائیں گی،کوائف کی تصدیق کے بعد رقم آن لائن ٹرانسفر کی جائے گی

پیر 30 مارچ 2020 23:17

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انصاف امداد پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فول پروف میکانزم کے تحت اصل حقدار تک مالی امداد پہنچائیں گے۔

25 لاکھ مستحق خاندانوں کو 4 ہزار روپے کی مالی امداد دیں گے۔پنجاب حکومت نے چیف منسٹر پنجاب انصاف امداد پیکیج کیلئے 10 ارب روپے مختص کر دیئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پیکیج کی امدادی رقم وفاقی حکومت کے ریلیف پیکیج کے علاوہ ہوگی۔ انصاف امداد پیکیج کے تحت مالی امداد ملنے سے دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

انصاف امداد پیکیج کے تحت درخواستیں آن لائن لی جائیں گی۔

کوائف کی تصدیق کے بعد رقم آن لائن ٹرانسفر کی جائے گی۔درخواست گزار شکایت آن لائن درج کرا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے درخواست فارم کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں سے صرف نام، شناختی کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر کی معلومات لی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔

نادار طبقے کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیںگے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نادار طبقے کی ضروریات کا خیال رکھے گی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال،ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انفراسٹرکچر، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات