خوفناک وباء نے عملی طور پر محمود و ایاز کو ایک صف میں لاکھڑاکیا ہے،سینیٹر سراج الحق

پیر 30 مارچ 2020 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خوفناک وباء نے عملی طور پر محمود و ایاز کو ایک صف میں لاکھڑاکیا ہے۔دنیا اس وقت تاریخ کے بدترین انسانی بحران سے دوچار ہے۔حکومت کی مس ہیڈلنگ اور رویہ قابل افسوس ہے۔کرونا کے مسئلے پر بھی حکومت کی روایتی نااہلی اور کمزوری کھل کر سامنے آئی ہے۔

کورونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کردیا ہے ۔اس سے بچنے کیلئے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔حکمران خود بھی توبہ کریں اور عوام سے بھی اپیل کریں کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔حکومت ابھی تک قوم کو اعتماد میں نہیں لے سکی ۔اس بیماری کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مطلوبہ ضروری سامان بھی مہیا نہیں کرسکی۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی تمام سرگرمیاں چھوڑکر آگاہی مہم چلارہی ہے اوراب تک الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سی42 کروڑ روپے کا راشن ماسک، سینی ٹائزر لوگوں میں تقسیم کرچکے ہیں۔ہمارے کارکن مسلم اور غیر مسلم کی تفریق کے بغیر خدمت کررہے ہیںاور مساجد کے ساتھ ساتھ مندروں ،گوردواروں اور چرچز میں سپرے کررہے ہیں۔حکومت نے کورونا کی روک تھام میں سستی کا مظاہرہ کیا ۔

وزیر اعظم پاکستان سے بھرپور تعاون کی پیشکش کی لیکن حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔ حکومت، اپوزیشن سمیت دیگر شعبوں کو ایک پیج پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ٹائیگرفورس کی بجائے قوم کو رضاکاروں کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس ٹائیگر فورس کاچیف غیر سیاسی ہونا چاہیے تھا۔ملک میں کورونا وائرس پر سیاست کرنا منفی سوچ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم ہسپتال میں آئسو لیشن وارڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ،امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری،امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجو د تھے ۔آئسو لیشن وارڈ کو کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والے پہلے ڈاکٹر اسامہ شہید کے نام سے منسوب کیا گیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکہ جیسی بڑی طاقتیں کورونا وائرس کے سامنے ڈھیر ہوگئی ہیںہمیں فوری طور پر اللہ سے رجوع کرناچاہیے۔

حکمران توبہ و استغفا ر کریں۔ملک بھر میں قرنطینہ سینٹرز میں کام کرنے والے ڈاکٹرزاور عملے کے لئے حفاظتی کٹس میسر نہیں ۔اطلاعات ہیں کہ ایران سے آنے والے زائرین اب تفتان کی بجائے افغانستان کے راستہ پاکستان آرہے ہیں۔پاکستان فوری طور پر ایران سے بات چیت کرکے زہدان میں سینٹر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان سے پنجاب آنے والے لوگ پھنس چکے ہیں۔

سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ راستوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہوکر 18سال پہلے کی قیمت پرآگئی ہے،آج سے اٹھارہ سال پہلے پاکستان میں پٹرول کی قیمت41 روپے لیٹرتھی حکومت عوام کے ریلیف کے لیے پٹرول کی قیمت41روپے مقرر کرے ۔حکومت فوری پر ترقیاتی فنڈزکو لوگوں کی امداد پر خرچ کرے ۔وفاقی حکومت کورونا ٹیسٹ فیس ختم کرکے تمام ٹیسٹ فری کرے۔

انہوں نے کہا کہ و زیراعظم تین ہزارسے اگر گھر کا خرچہ چلا لیں تو نوبل پرائز دینا چاہیے ۔لاک ڈاون میں مستحقین اور دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے امداد 15 ہزار روپے مقرر کی جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہر میں ضروریات زندگی کی اشیا مہنگے داموں فروخت کو روکے ۔اس وبا سے قوم کو ملکر لڑنا ہوگاکورونا وائرس کیلئے دفعہ 144 پر بھر پورانداز سے عمل کرنا ہوگاپاکستان میں کورونا مذہبی طبقے سے نہیںپھیلا،وزراء قوم میں تفریق اور انتشار پیدا کرنے سے باز رہیں ۔