دنیا میں کورونا وبا پھیلنا انسانی اعمال کا نتیجہ ہے،تمام معمالات کا حل رجوع الی اللہ سے ممکن ہے،رہنما جمعیت علما اسلا م نظریاتی پاکستان

پیر 30 مارچ 2020 23:36

/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2020ء) جمعیت علما اسلا م نظریاتی پاکستان کے مرکزی کنونیئرمولانا عبدالقادر لونی نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید عبدالستار شاہ چشتی مرکزی معاون کنوئنر حاجی حیات اللہ کاکڑ کوئٹہ کے ضلعی ترجمان رحمت اللہ حقانی اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا وبا پھیلنا انسانی اعمال کا نتیجہ ہے کورونا وائرس سمیت تمام معمالات کا حل رجوع الی اللہ سے ممکن ہے ہمارا عقیدہ ہے کہ دنیا کو چلانی والی ذات رب العزت ہی ہے مغربی ممالک میں جہاں نماز اور اللہ کی کتابوں کا مذاق اور نعوذ باللہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخیاں ہوا کرتی تھیں آج ان ممالک میں لوگ عالمی وبا کورونا سے بچا کیلئے قرآن کی تلاوت کرکے سجدہ ریز ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں کے دوران کہ پیغمبر رسولﷺ کے ماننے اور قرآن تسلیم کرنیوالوں پر سخت مظالم ڈھائے گئے ہزاروں افراد کو شہید کیا گیا قرآن شریف میں اللہ فرماتے ہیں ترجمہ اللہ جب پکڑنے پر آتا ہے تو انکا پکڑنا بہت سخت ہوتا ہے پوری کائنات کورونا وائرس کی مصیبت میں مبتلا ہوگئی ہے دنیا اس وبا کے سامنے بے بس ہوچکی ہے اگر اللہ راضی ہوجائے تو انشا اللہ یہ وبا جلد ختم ہوجائیگی پوری دنیا میں لاک ڈان جاری ہے تجارت، کاروباری مراکز اور آمد و رفت بند ہے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ انڈیا میں مسلمانوں پر سخت ظلم ہورہا ہے گزشتہ چھ ماہ سے بھارت میں 80لاکھ کے قریب مسلمانوں کو قید میں رہ گیا ہے آج اللہ تعالی نے وبا کی شکل میں بھارت کو مکمل طور پر بند کردیا ہے انڈیا حکومت کو چاہئے کہ وہ مصنوعی عذاب کا سلسلہ ترک کرکے مسلمانوں سے معافی مانگیں اب بھی وقت ہے کہ دنیا بھر کے لوگ اللہ تعالی اور آخری کتاب قرآن مجید کی طرف متوجہ ہوجائے انہوں نے افغانستان امریکہ امن معاہدے کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ اللہ تعالی اور پیغمبر کی تعلیمات سے جنگ کرنیوالی امریکہ کو شکست کھانی ہی پڑئیگی دنیا کی تمام ٹیکنالوجی، وسائل اور مال و دولت اللہ تعالی کی طاقت کے سامنے زیر و زبر ہوگئیں افغانستان کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے خالی ہاتھ جاکر امریکن ٹیکنالوجی کو شکست دی انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ عوام کے نمائندے نہیں ان کٹھ پتلی حکمران کو زبردستی عوام پر مسلط کیا گیا ہے افغانستان جنگ کے اصل ذمہ دار بھی یہی حکمران ہیں جنہوں نے اغیار کی مدد کرتے ہوئے معصوم مسلمانوں کے گھر وں پر حملے اور بمباری کرواکر پشتونوں کی عزتیں لوٹی گئیں افغانستان کی تمام جماعتوں سے دست بستہ گزارش کرتا ہوں کہ وہ اسلامی امارت، اسلامی نظام کے نفاذ اور مسلمانوں کی بہتر ترجمانی کیلئے حکومت مجاہدین کے حوالے کردیں ورنہ ذلت اور رسوائی انکی مقدر بنے گی افغانستا ن میں قید ہزاروں مجاہدین پر ظلم بند کیا جائے ورنہ خطرناک نتائج برآمد ہوں گے انڈیا نہیں چاہتا کہ امن معاہدہ پر عمل درآمد ہو انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے لیکن بدقسمتی سے نظریہ پاکستان کے ساتھ گزشتہ 72برسوں سے غداری کی جارہی ہے ہم غیروں کے نظام میں پھنسے ہوئے ہیں ملک میں عدالتی نظام انتہائی مشکل ہے وکلا کی فیسیں غریب عوام کے طاقت سے باہر ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عالمی وبا کی روک تھام کیلئے جو اقدامات کررہی ہیں انکی حمایت کرتے ہیں حکومت کو مزید ٹھوس اقدامات نہ ہوں گے وفاقی حکومت صوبہ بلوچستان کو ہر معاملے میں نظر انداز کررہی ہے کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے جو امداد ملی ہے اس میں بلوچستان کو کچھ نہیں ملا ہے بلوچستان ایک غریب صوبہ ہے وزیر اعلی بلوچستان کو صوبے کے حقوق مانگنے کیلئے سختی کا مظاہرہ کرنا ہوگا انکا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا خلاصہ قرآن مجید ہے اگر اسلامی نظام اس ملک میں نافذ ہوجائے تو ہمارے ملک کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں غریبوں اور مساکین پر نظر رکھیں انکی مالی امداد کیلئے میدان میں اتریں۔