سعودی حکومت کا مکہ مکرمہ کی ناکہ بندی کا فیصلہ

حرمین میں ابھی تک کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 30 مارچ 2020 21:02

سعودی حکومت کا مکہ مکرمہ کی ناکہ بندی کا فیصلہ
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مارچ۔2020ء) سعودی عرب میں 24 گھنٹوں میں مزید 154 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مکہ مکرمہ کی ناکہ بندی کا اعلان سامنے آیا ہے جبکہ دونوں حرمین میں ابھی تک کوئی بھی تصدیق شدہ یا مشتبہ کیس سامنے نہیں آیا. سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے یہ بات کورونا وائرس کی صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بریفنگ کے دوران بتائی سعودی ٹیلی ویژن پر برائے راست دکھائی جانے والی اس بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب میں اب کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1453 ہو گئی ہے.

(جاری ہے)

دریں اثنا وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ مکہ کے کچھ اضلاع کو مکمل طور ہر بند کر دیا جائے گا اور پیر کو مقامی وقت کے مطابق تین بجے کے بعد کسی کو بھی شہر کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی.دریں اثناءسعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں ویزے کی خلاف ورزی کے مرتکبین اور زائد المیعاد قیام کرنے والے افراد سمیت کورونا وائرس کے تمام متاثرین کے علاج کا حکم دیا ہے سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ کہا ہے کہ جن لوگوں میں بھی کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں،وہ کسی سرکاری یا نجی ہسپتال میں علاج کے لیے جانے سے ہچکچائیں نہیںشاہ سلمان کے نئے حکم کے تحت وہ مناسب طریقے سے اپنا علاج کرائیں.انہوں نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ویزے کی خلاف ورزی کی ہے اور مملکت میں زائد المیعاد مقیم ہیں، ان میں سے اگر کوئی کرونا وائرس کا شکار ہوا ہے تو اس کو بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے وزیر صحت نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں.سعودی عرب نے اتوار کو کرونا وائرس سے چار مزید مریضوں کی موت اور96 نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی سعودی عرب میں اب اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد تیرہ سو سے متجاوز ہوچکی ہے.سعودی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اتوار کو مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے، جدہ میں بھی لاک ڈاﺅن کا حکم دیا ہے اور اس کے مکینوں اور شہریوں کے داخلے یا وہاں سے خروج پر پابندی عاید کردی ہے.سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جدہ کی گورنری میں بھی کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے اس کا آغاز اب شام سات بجے کے بجائے سہ پہر تین بجے ہوتا ہے اور یہ صبح چھے بجے تک نافذ العمل رہتا ہے.تاہم سکیورٹی فورسز ،فوج اور میڈیا سمیت اہم سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرنے والے اہلکار اور شعبہ صحت میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر حضرات اور طبی عملہ کرفیو کی پابندیوں سے مستثنا ہے.حکومت نے گذشتہ ہفتے مملکت کے 13 صوبوں میں شہریوں اور مکینوں پر سفری پابندی عائد کردی تھی جدہ سے پہلے 23 مارچ کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دارالحکومت الریاض میں سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا تھااس کے تحت ان شہروں سے خروج یا ان میں دخول پر پابندی عائد ہے.