ملک کی موجودہ صورت حال میںجے یوآئی کے کارکنان سیاست سے بالاترہوکر اداروں اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں،مولانا فضل الرحمن

پیر 30 مارچ 2020 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال کے موقع پر جے یوآئی کے کارکنان سیاست سے بالاترہوکر اداروں اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں،اس وقت عوام اور سیاسی قائدین قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 72 سال سے حکمرانوں کی اجتماعی غلطیوں کی سزا قوم بھگت رہی ہے اور اس وقت پوری دنیاء کو کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ،اس ،مشکل وقت میں تمام کارکنان کو ہدایت ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جے یوآئی رضا کار گھر گھر جاکر امدادی سامان اور نقدی تقسیم کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس وقت عوام اور سیاسی قائدین قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عبادت، نماز کی پابندی، ذکراذکار، اور صدقہ و خیرات کے ذریعے مستحق لوگوں کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف ، پولیس اور اپنے کارکنوں کی کاوشوں اور جذبوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔