کراچی میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس سے متاثرہ 3 افراد جاں بحق ہوگئے

سندھ میں کل 6 مریض جان کی بازی ہار چکے، کراچی میں 249 جبکہ صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 566 ہوگئی

muhammad ali محمد علی پیر 30 مارچ 2020 23:08

کراچی میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس سے متاثرہ 3 افراد جاں بحق ہوگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ2020ء) کراچی میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس سے متاثرہ 3 افراد جاں بحق ہوگئے، سندھ میں کل 6 مریض جان کی بازی ہار چکے، کراچی میں 249 جبکہ صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 566 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے ملک میں اموات اور نئے کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا،مزید افراد جاں بحق ہونے کے بعد مجموعی تعداد 23تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 1700 سے تجاوز کرگئی ۔

کراچی میں صرف ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 3 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کراچی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 249 ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں اموات کی سرکاری سطح پر تعداد 9 بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں 5، سندھ میں 6، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک فرد اس مہلک وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت پنجاب سب سے آگے ہے اور وہاں 638 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اس کے بعد سندھ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 566 ہے اسی طرح خیبرپختونخوا میں 221، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد 51 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر کرونا وائرس کے29 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، مقامی لوگوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے، کل کیسز میں 857 ایران سے آنے والے زائرین اور 247 دیگر ممالک سے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 99 کورونا کیسز سامنے آئے، ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی تعداد گزشتہ روزسے کم ہیں۔ اسی طرح 5 اموات ہوئیں۔

ہسپتالوں میں 783 میں سے 773 افراد کی حالت بہترہے جلد صحت یابی متوقع ہے۔ آنے والے دنوں میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ اسی طرح ہسپتالوں میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ صورتحال میں اس وقت ملک کے تمام صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر لاک ڈاون کی حالت میں ہیں۔ ملک کی سرحدیں اور قومی شاہراہیں بھی بند کی جا چکیں، فلائٹ آپریشن بھی بند ہے۔ مساجد میں لوگوں کے باجماعت نماز کی ادائیگی پر، عوامی اجتماعات کے انعقاد اور مارکیٹوں کو کھولنے پر پابندی عائد ہے۔