کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے۔ فواد چودھری

اگربیمارمریض کو ٹیسٹ صحت مند ظاہر کر دے گا تو اس کا مطلب کئی جانوں کو خطرے میں ڈالنا، وفاقی وزیر

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 31 مارچ 2020 10:13

کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے۔ فواد چودھری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مارچ 2020ء) کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے۔ اگربیمارمریض کو ٹیسٹ صحت مند ظاہر کر دے گا تو اس کا مطلب کئی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کو وارننگ دی ہے کہ کورونا وائرس کے غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی بھرمار خطرے کی علامت ہے۔

ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو وارننگ دینا چاہتا ہوں کہ کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی ملک میں بھرمار ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں تشویشناک صورت حال کی جانب توجہ دلائی ہے کہ اگر بیمارمریض کا کورونا ٹیسٹ صحت مند ظاہر کر دیا جائے گا تو اس کا مطلب یہ ہے کئی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔

(جاری ہے)

فواد چودھری نے کہا کہ جب تک DRAP پاکستان کی اپنی کٹس کی تصدیق کرتا ہے آپ کٹس امپورٹ کریں، انہوں نے صرف تصدیق شدہ کٹس ہی امپورٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 
علاوہ ازیں پیر کے روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے ابھی تک صرف نسٹ یونیورسٹی کی تیار کی گئی کٹ کی منظوری دی ہے اور اس پر کامیاب تجربے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو بھی چاہیے کہ وہ کٹ کی تیاری کے حوالے سے لائسنس کے لیے ڈریپ کو درخواست دے اور سیمپلز ڈریپ سے منظور کرائے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کی تیاری آخری مراحل میں ہے، توقع ہے کہ ایک ماہ کے دوران ایک سے ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹنگ کٹس بنا لیں گے، اسی طرح کوشش ہے کہ جلد ہی اپنے وینٹی لیٹرز بھی تیار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ویکسین کی تیاری کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔