سندھ حکومت نے ہمیں صرف 100کٹس دیں لیکن میڈیا پر 10ہزار کٹس دینے کا دعویٰ کیا: انڈس ہسپتال کے سی ای او کا الزام

100کٹس تھیں جن سے 10ہزار ٹیسٹ ہوسکتے تھے، 10ہزار کٹس نہیں دی گئیں، بلاول بھٹو، مراد علی شاہ اور ناصر شاہ نے 10ہزار کٹس فراہم کرنے کا غلط دعویٰ کیا: ڈاکٹر عبدالباری خان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 31 مارچ 2020 10:57

سندھ حکومت نے ہمیں صرف 100کٹس دیں لیکن میڈیا پر 10ہزار کٹس دینے کا دعویٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مارچ2020ء) سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کیلئے 10ہزار کٹس کی فراہمی کا دعویٰ کیا لیکن کٹس غائب ہوگئیں۔ انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ حکومت نے ہمیں صرف 100کٹس دیں لیکن میڈیا پر 10ہزار کٹس دینے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 100کٹس دی گئی تھیں جن سے 10ہزار ٹیسٹ ہوسکتے تھیں، ہمیں 10ہزار کٹس نہی دی گئیں۔

خیال رہے کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِاطلاعات ناصر شاہ نے 10ہزار کٹس فراہم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ حکومت نے 10ہزار کٹس کا انتظام انڈس ہسپتال کے ساتھ ملک کر کیا ہے جن سے مریضوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ ایک کٹ سے 45ٹیسٹ ہوسکتے ہیں اور 10ہزار کٹس فراہم کی گئی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا سندھ حکومت نے خود 10ہزار کٹس کا انتظام کیا ہے اب وفاق بھی صوبوں کی مدد کرے۔ اس کے علاوہ ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی 10ہزار کٹس فراہم کرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں لیکن اب انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا ہے کہ انہیں صرف 100کٹس فراہم کی گئیں۔ اس حوالے سے سوال اٹھایا جارہا ہے کہ اگر صرف 100کٹس فراہم کی گئیں تو 9ہزار 900کٹس کہاں گئیں۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تشخیصی کٹس صوبوں کو دی گئی ہیں ، 37 ہزار کٹس ریزرو رکھی گئی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہاکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو مکمل طور5 ہفتوں کا سامان دے دیا گیا ہے جو اگلے 5ہفتوں کے لیے اس وبا کا سامنا کرنے کے لیے کافی ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہاکہ حکومت سندھ کو 20 ہزار تشخیصی کٹس، حکومت پنجاب کو 5 ہزار، حکومت بلوچستان کو 4800 تشخیصی کٹس دی گئی ہیں جبکہ 37 ہزار ریزرو ہیں۔