یمن میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر اتحادی طیاروں کی بم باری

کارروائی میں بین الاقوامی قوانین کا خیال رکھا گیا اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کی گئی،بیان

منگل 31 مارچ 2020 12:06

یمن میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر اتحادی طیاروں کی بم باری
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے قائم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ عرب اتحادی فوج نے یمن میں تازہ فوجی آپریشن میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں، ڈورن طیاروں کے مراکز اور اسلحہ اور میزائلوں کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کی طرف سے یہ بیان یمن میں کی گئی کارروائیوں کے بعد سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ہفتے کے روز یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہروں جازان اور الریاض پر بیلسٹک میزائل حملوں کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔اتحادی فوج نے حوثی باغیوں کے انتہائی اہمیت کے حامل عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں بین الاقوامی قوانین کا خیال رکھا گیا اور شہریوں کی جانوں کا ہرممکن تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔ یمن کی گئی عسکری کارروائیوں میں حوثیوں کو میزائلوں، ڈرون طیاروں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے محروم کر دیا گیا ہے۔کرنل المالکی نے کہا کہ حوثیوں کے خلاف کی گئی کارروائی میں الحدیدہ شہر میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانے اور اسلحہ کے گودام بھی شامل ہیں۔