متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے خوشخبری

ماہ اپریل کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 مارچ 2020 12:12

متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے خوشخبری
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2020 ) کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں اس وقت ایک نحوست کا راج تھا۔ ایک طرف لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں بھی کورونا کی وجہ سے لوگوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم اماراتی حکومت نے اس بُرے وقت میں ایک اچھی خبر سُنا دی ہے۔

اماراتی پٹرولیم کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اگلے ماہ اپریل کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے جس کے باعث شہریوں کے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں خاصی کمی ہو گی۔ متحدہ عرب امارت میں اپریل کے مہینے میں سپر 98 پٹرول 1.91 درہم فی لٹر میں دستیاب ہو گا، جبکہ رواں ماہ مارچ کے مہینے میں یہ پٹرل 2.16 درہم فی لٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس لحاظ سے سپر 98 کی قیمتوں میں 25 فلس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جبکہ 95 پٹرول کی قیمت 1.80 درہم فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ رواں ماہ یہ پٹرول 2.04 درہم فی لٹر میں فروخت ہو رہا ہے، اس طرح اس کی قیمت 24فلس تک گر گئی ہے۔یکم اپریل سے ڈیزل کی فی لٹر قیمت 2.06 درہم ہو گی ، اس وقت یہ ڈیزل 2.25 درہم میں بیچا جا رہا ہے۔ یوں اس کی قیمت میں 19 فلس کی کمی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ جنوری اور فروری کے مہینوں میں امارات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ یا کمی نہیں کی گئی تھی۔

البتہ ڈیزل کی قیمتیں معمولی بڑھائی گئی تھیں۔ماہِ فروری کے لیے ڈیزل کی قیمت بڑھا گزشتہ ماہ کے نرخوں 2.38 درہم فی لیٹر سے بڑھا کر 2.40 درہم مقرر کر دی گئی تھی، یہی قیمت مارچ کے لیے بھی برقرار رکھی گئی تھی۔گزشتہ ماہ قطر میں 91 پٹرول 1.75 ریال میں، 95 پٹرول 1.90 ریال، جبکہ ڈیزل 1.85 ریال فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا گیا جبکہ عمان میں 91 پٹرول 211 پیسہ، 95 پٹرول 222اور ڈیزل 240 پیسہ فی لیٹر کے نرخوں پر بیچا گیا۔ گزشتہ ماہ بحرین میں 91 پیٹرول 140 فلس، 95 پیٹرول 200 فلس اور ڈیزل 120 فلس فی لیٹر پر فروخت کیا گیا۔جبکہ کویت میں 91 پیٹرول 85 فلس، 95 پیٹرول 105فلس اور ڈیزل 115 فلس فی لیٹر میں فروخت کیا گیا۔